Live Updates

خزانے کی پائی پائی سیلاب متاثرین کی بحالی پرخرچ کی جائے‘ خرم نواز گنڈاپور

منگل 16 ستمبر 2025 22:42

خزانے کی پائی پائی سیلاب متاثرین کی بحالی پرخرچ کی جائے‘ خرم نواز گنڈاپور
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی راہ نما خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ خزانے کی پائی پائی سیلاب متاثرین کی بحالی پر خرچ کی جائے۔ ایوانوں اور سرکاری دالانوں کے ظہرانوں،عشائیوں اور وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ کی اشتہاری مہم ایک سال کے لئے بند کر دی جائے۔ حکمران طبقہ سادگی اختیار کر کے متاثرین سیلاب کو شانہ بشانہ ہونے کا عملاً احساس دلائے۔

اس وقت سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے حکومتی اقدامات اور مشینری بے بس ہو چکی ہے۔ سیلاب کو تو نہیں روکا جا سکا مگر سرکاری خزانے کا بے جا استعمال تو روکا جا سکتا ہے، ایک سال کے لئے ہر طرح کے غیر ملکی دورے، پرتعیش تقاریب اور لاؤ لشکر کے ساتھ گھومنے کا شوق بھی ایک سال کے لئے ترک کر دیا جائے تاکہ متاثرین کے لئے وسائل دستیاب ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کے پی کے، پنجاب کے بعد اب صوبہ سندھ سیلاب کی تباہی کی زد پر ہے، صرف پنجاب میں 28اضلاع میں 13لاکھ سے زائد ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، پنجاب میں نقصانات کا ابتدائی تخمینہ ساڑھے چار سو ارب روپے سے زائد ہے۔

آنے والے دنوں میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں 30فیصد تک اضافہ ہونے کا خطرہ ہے۔ یہ تشویش اور تکلیف حکمرانوں کے قول و فعل اور بودوباش میں بھی نظر آنی چاہیے، اب فینسی بیانات اور مہنگی ترین اشتہاری مہم سے لوگ مطمئن نہیں ہوں گے، عملاً کچھ کرنا ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سمیت متعدد آرگنائزیشنز امدادی کارروائیاں کرتی نظر آتی ہیں، اس کار خیر کا سلسلہ مزید بڑھنا چاہیے اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہ چھوڑا جائے، ہر شخص امدادی مہم میں شریک ہو۔۔۔۔ اعجاز خان
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات