نوجوان نسل میں شدت پسندی اور جارحیت پر قابو پانے کے لیے کھیلوں سے بہتر کوئی ذریعہ نہیں‘مجتبیٰ شجاع الرحمان

منگل 16 ستمبر 2025 20:19

نوجوان نسل میں شدت پسندی اور جارحیت پر قابو پانے کے لیے کھیلوں سے بہتر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء)صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے یونیورسٹی آف لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ ’’پریمیر لیگ ‘‘کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ جہاں انہوں نے پریمئر لیگ میں حصہ لینے والی ٹیموں کا معائنہ کیا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پریمئر لیگ کے انعقاد کو بین الاقوامی سطح پر شناخت کا بہترین موقع قرار دیا ۔

تقریب میں طلبہ و طالبات، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ صوبائی وزیر خزانہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کھیلوں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ کھیل نوجوانوں کی جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت سازی اور کردار کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میں شدت پسندی اور جارحیت پر قابو پانے کے لیے کھیلوں سے بہتر کوئی ذریعہ نہیں۔میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے پریمئر لیگ کے آغاز پر یونیورسٹی آف لاہور کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور آگے بڑھنے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف لاہور کھیلوں کے فروغ میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کرتی رہی ہے اور پریمئرلیگ اس روایت کا روشن ثبوت ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ سکولوں میں کھیل کے میدانوں کی بحالی، جدید سہولیات کی فراہمی اور قومی و بین الاقوامی سطح پر مقابلوں کا انعقاد حکومت کا عزم ہے تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا وسیع پلیٹ فارم مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں صوبے کے کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں جو یقینا نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا اور تاریخی قدم ہے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں میں برداشت، ٹیم ورک اور قیادت جیسی صلاحیتیں پروان چڑھتی ہیں جو ایک بہتر اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کی سطح پر منعقد ہونے والے اس طرح کے ایونٹس نہ صرف طلبہ و طالبات کی شخصیت سازی میں مددگار ہوتے ہیں بلکہ ملک و قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت بھی ہیں۔