Live Updates

گورنرپنجاب سے فیصل عبدالستارایدھی کی ملاقات ، سیلاب متاثرین کی مدد اوران کی بحالی اولین ترجیح ہے ۔ سردارسلیم حیدر خان

منگل 16 ستمبر 2025 20:38

گورنرپنجاب سے فیصل عبدالستارایدھی کی ملاقات ، سیلاب متاثرین کی مدد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد اور ان کی بحالی اولین ترجیح ہے ۔ مشکل وقت میں مصیبت میں گرے لوگوں کے کام آنا کسی عبادت سے کم نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل عبدالستار ایدھی سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے اس وقت حکومت،ادارے اور فلاحی تنظیمیں مل کر کام کررہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مقامی این جی اوز اور مخیر حضرات کے تعاون سے سیلاب زدگان کے لئے پانی اور کھانے کے علاہ خشک راشن کے بیگز تقسیم کیے گئے ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی تک امدادی کاموں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ سیلاب متاثرین اس وقت ایک کٹھن اور تکلیف دہ وقت سے گزررہے ہیں،ہماری کاوشیں اور امداد ان کے لئے آسانیاں پیدا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی عوام کے لئے فلاحی خدمات قابل تحسین ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ فیصل عبدالستار ایدھی کا اپنے والد عبدالستار ایدھی کے مشن کو آگے بڑھانا قابل ستائش ہے۔گورنر پنجاب نے سیلاب متاثرین کے لئے ایدھی فائونڈیشن کی فلڈ ریلیف سروسز کو بہت سراہا۔

انہوں نے عبدالستار ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی کو عوام کی بے لوث خدمت پر انہیں شاباش دی۔ انہوں نے فیصل عبدالستار ایدھی کو گراں قدر خدمات کے اعتراف میں گورنر ہاؤس کی اعزازی شیلڈبھی پیش کی۔ فیصل عبدالستار عیدھی نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ ایدھی فائونڈیشن نے موجودہ سیلاب کے دوران علی پور، جلالپوراور پیر والا میں کشتیوں کے ذریعے 30 ہزار افراد کو ریسکیو کیا۔انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ایدھی فاونڈیشن کی ٹیمیں 18 دن مسلسل ریسکیو آپریشن میں شامل رہیں۔ فیصل عبدالستار ایدھی نے کہا کہ چناب، راوی اور دریائے ستلج کے لیے 3 علیحدہ علیحدہ ٹیمیں تشکیل دی گئیں جن کی نگرانی انہوں نے خود کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات