حیدرآباد میں گھریلو حالات سے تنگ رکشہ ڈرائیور کی فائرنگ کر کے بیٹی کو قتل کرنے کے بعد خود کشی، اہلیہ اور تین بیٹیاں زخمی ہو گئیں

منگل 17 اپریل 2018 18:12

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) حیدرآباد میں گھریلو حالات سے تنگ رکشہ ڈرائیور نے فائرنگ کر کے بیٹی کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کرلی، فائرنگ سے اہلیہ اور تین بیٹیاں زخمی ہو گئیں۔

(جاری ہے)

حیدرآباد میں قاسم آباد کے علاقہ فراز ولاز میں رکشہ ڈرائیور احسان لاشاری نے شارٹ گن سے فائرنگ کرکے اپنی بیوی مومل ، رشتہ دار خاتون فرحانہ ، بیٹیوں شاہین ، ماروی ، افسانہ اور سویرا کو شدید زخمی کردیا اور خود کشی کرلی، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور ایدھی ایمبولینس کے ذریعے زخمیوں کو سول ہسپتال پہنچایا جہاں احسان لاشاری کی 8سالہ بیٹی شاہین عرف شاہینہ لاشاری بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے جاں بحق ہو گئی جبکہ ایک اور بیٹی کی حالت بھی نازک بتائی جارہی ہے جبکہ دیگر زخمیوں کا علاج بھی جاری تھا۔

ایس ایس پی پیر محمد شاہ نے جائے وقوع کا معائنہ کیا۔ احسان لاشاری کے رشتہ داروں نے بتایا کہ احسان کو دماغی دورے پڑتے تھے وہ ذہنی مریض تھا اور جلد مشتعل ہو جاتا تھا، معمولی گھریلو تکرار پر اس نے اپنے لائسنس شدہ شارٹ گن سے اہلِ خانہ پر فائرنگ کردی اور پھر خود کو بھی گولی مار کر خود کشی کرلی۔ پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔