انڈر23- گیمز میں مردوں کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں کے بعد ہری پور کی خواتین کھلاڑیوں نے بھی ٹرافی اپنے نام کر دی

بدھ 18 اپریل 2018 14:40

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) ہزارہ ریجن میں انڈر23- گیمز مردوں کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں کے بعد ہری پور کی خواتین کھلاڑیوں نے بھی ٹرافی اپنے نام کر دی۔ مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ہری پور میں جشن کا سماں ہے، ہر ی پور نے مجموعی طور پر 125 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، ایبٹ آباد 90 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور مانسہرہ 45 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، انڈر23 خیبر پختونخوا گیمز کے سلسلہ میں ہزارہ ریجن میں مردوں کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے اختتام پذیر ہو گئے ہیں جن میں ضلع ہری پور نے مجموعی طور پر 125 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر کے مجموعی ٹرافی اپنے نام کر لی ہے، ایبٹ آباد 90 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور مانسہرہ 45 پوائنٹس کے ساتھ تیسری نمبر پر رہا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ہری پور نے خواتین مقابلوں میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس سید ثقلین شاہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سلیم رضا، نعمت مروت، ڈی ایس او ایبٹ آباد مس گل رخ، ڈی ایس او ہری پور احمد زمان، اے ڈی سپورٹس ذاکر، سابق ڈائریکٹر سپورٹس خیبر پختونخوا طارق محمود، سیف گولڈ میڈلسٹ و صدارتی ایوارڈ یافتہ خالد نور، شاہ فیصل سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کے زیراہتمام صوبہ میں جاری انڈر23 گیمز کے تیسرے ایڈیشن کے سلسلہ میں ہزارہ ریجن میں مرد و خواتین کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے اختتام پذیر ہو گئے جس میں ڈسٹرکٹ مانسہرہ، ڈسٹرکٹ بٹگرام، ڈسٹرکٹ تورغر، ڈسٹرکٹ کوہستان، ڈسٹرکٹ ہری پور اور ڈسٹرکٹ ایبٹ آباد کی ایک ہزار سے زائد اتھلیٹس نے مردوں کے پندرہ اور خواتین کے تیرہ مختلف گیمز میں حصہ لیا۔

ان مقابلوں میں ڈسٹرکٹ ہری پور کے کھلاڑیوں نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 گولڈ اور 7 سلور میڈلز جیت کر 125 پوائنٹس کے ساتھ مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ایبٹ آباد نے 6 گولڈ، 6 سلور میڈلز جیت کر 90 پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ مانسہرہ 45 پوائنٹس کے ساتھ تیسری نمبر پر رہا، ہری پور نے ہاکی، کبڈی، ٹیبل ٹینس، والی بال، رسہ کشی، ریسلنگ، اتھلیٹکس میں گولڈ میڈل جبکہ جمناسٹک، کراٹے، سکواش، بیڈ منٹن اور باسکٹ بال میں سلور میڈل حاصل کیا۔ ایبٹ آباد نے بیڈمنٹن، سکواش، ٹینس، کراٹے اور باسکٹ بال میں گولڈ جبکہ کبڈی، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی اور اتھلیٹکس میں سلور میڈل اپنے نام کئے۔ مانسہرہ نے جوڈو میں گولڈ جبکہ بٹگرام نے جمناسٹک میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔