پارلیمنٹ اور پی ٹی وی حملہ کیس میں وزیر اعلی خیبر پختنخوا ،رکن صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی کی عبوری ضمانت منظور

بدھ 18 اپریل 2018 16:00

اسلام آباد ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پارلیمنٹ اور سرکاری ٹی وی چینل ( پی ٹی وی )پر حملہ کیس میں وزیر اعلی خیبر پختنخواہ پرویز خٹک اورممبر صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی کی عبوری ضمانت منظور کر لی ہے ۔

(جاری ہے)

بدھ کو وزیر اعلی کے پی کے پرویز خٹک اور شوکت یوسفزئی نے عدالت میں پیش ہو کر قبل از گرفتاری درخواست ضمانت دائر کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزمان کو ایک ،ایک لاکھ روپے مالیت کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

عدالت نے پرویز خٹک کو 23 اپریل جبکہ شوکت یوسفزئی کو 25 اپریل کو طلب کر لیا ہے ۔تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے وزیر اعلی کے پی کے پرویز خٹک اور شوکت یوسفزئی کے خلاف پارلیمنٹ اور پی ٹی وی سمیت دیگر اہم عمارتوں پر دھرنے کے دوران حملہ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔