نیکٹا نے نوجوانوں میں انتہاء پسندی کے انسداد کیلئے یوتھ انگیجمنٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، احسان غنی

بدھ 18 اپریل 2018 16:30

اسلام آباد ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) نیشنل کائونٹر ٹیررازم (نیکٹا) نے نوجوانوں میں انتہاء پسندی کے انسداد کیلئے یوتھ انگیجمنٹ پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر احسان غنی نے بدھ کو بتایا کہ ملک میں نوجوانوں کو انتہاء پسندی کی طرف راغب ہونے سے روکنے کیلئے قلیل اور طویل المدت پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلہ میں قلیل المدت پروگرام کے تحت ملک بھر کی 46 سرکاری و نجی یونیورسٹیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں مختلف سیمینارز اور مباحثے منعقد کئے جائیں گے اور نوجوانوں میں امن اور برداشت کے پیغام کو عام کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلہ میں بڑے مدارس میں بھی یہ پروگرام متعارف کرایا جائے گا اور مختلف مکاتب فکر کے مدارس میں اس پروگرام کو چلایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ طویل المدت حکمت عملی کے تحت نیکٹا یوتھ انگیجمنٹ پالیسی ترتیب دے گا جس میں انتہاء پسندی کو ختم کرنے کیلئے اقدامات تجویز کئے جائیں گے اور نوجوانوں میں مباحثے، مضمون نویسی اور تحقیقی کام کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نیکٹا کیریئر پلاننگ کانفرنسز کا بھی انعقاد کرے گا اور منتخب طلباء کو بیرون ملک دورے بھی کرائے جائیں گے۔