ْڈی ایم سی ویسٹ کے فنڈز میں خوردبرد کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم ریمانڈ پر نیب کے حوالے

بدھ 18 اپریل 2018 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) احتساب عدالت کے منتظم جج نے ڈی ایم سی ویسٹ کے فنڈز میں خوردبرد کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کو 28 اپریل تک جسمانی ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کردیا ۔بدھ کو احتساب عدالت کے منتظم جج کے روبرو نیب حکام نے ڈی ایم سی ویسٹ کے فنڈز میں خوردبرد کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم قمر جاوید کو پیش کیا۔

(جاری ہے)

عدالت کو نیب حکام نے بتایا کہ ملزم کو گزشتہ روز گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے 8 لاکھ 50ہزار روپے اور دو آئی فونز برآمد کئے جبکہ انکے گھر سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت کی فارن کرنسی بھی برآمد کی۔نیب حکام کا مزید کہنا تھا کہ ملزم رشور کا پیسہ سرکاری افسران تک پہچانے میں فرنٹ مین کا کردار ادا کرتا تھا، ملزم کے قبضے سے بلینک چیکس دستخط شدہ اور بغیر دستخط شدہ بھی برآمد کئے۔نیب حکام نے ملزم سے مزید تفتیش اور مزید ملزمان کی گرفتار کے لیے عدالت سے جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔عدالت نے نیب حکام کی استدعا پر ملزم قمر جاوید کو 28 اپریل تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا۔

متعلقہ عنوان :