جنوبی پنجاب میں صوبہ محاذ کے نام پر بننے والا نیا اتحاد محض انتخابی اتحاد ہے ووٹ لینے کا نعرہ ہے

اس میں شامل لوگ بھی نئے صوبے کے قیام کیلئے مخلص نہیں‘ انہوں نے ماضی میں صوبے کے قیام کیلئے قابل ذکر کام نہیں کیا تحریک استقلال کے سربراہ رحمت خان وردگ کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 18 اپریل 2018 18:28

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اپریل2018ء) تحریک استقلال کے سربراہ رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں صوبہ محاذ کے نام پر بننے والا نیا اتحاد محض انتخابی اتحاد ہے ووٹ لینے کا نعرہ ہے اس میں شامل لوگ بھی نئے صوبے کے قیام کے لئے مخلص نہیں‘ انہوں نے ماضی میں صوبے کے قیام کے لئے قابل ذکر کام نہیں کیا۔ یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمت خان وردگ نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں نئے صوبے کے قیام کے لئے موثر آواز اٹھائی جاتی تو آج حالات ایسے نہ ہوتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں انتظامی بنیادوں پر ایک کروڑ آبادی پر ایک صوبہ بنایا جائے۔ مسلم لیگ یا پیپلز پارٹی مخلص ہوتیں تو نیا صوبہ بن جاتا موجودہ پاریمنٹ میں نئے صوبے کے بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی۔ تحریک استقلال بہاولپور سمیت نئے انتطامی صوبوں کی حامی ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن کا خاتمہ اور اس میں ملوث افراد سے رقم واپس لی کر انہیں سزائیں دی جائیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ افسوسناک ہے یہ حکومت کی بدنامی ہے ایسی کاروائیاں ججز کو اشتعال دلوانے کے مترادف ہیں۔