کل پاکستانی خواتین زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھر پور لوہا منوا رہی ہیں، صالحہ سعید

بدھ 18 اپریل 2018 20:29

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد صالحہ سعید نے کہا ہے کہ آج پاکستانی خواتین زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھر پور لوہا منوا رہی ہیں اور سماجی ترقی ،خوشحالی اور معاشی کفالت کے لیے حکومت پنجاب نے بھی خواتین کے لیے بڑے دور رس اور اہم پروگرام شروع کر رکھے ہیں جن میں پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے ذریعے خواتین کو بیوٹیشن ،کمپیوٹر آپریٹر اور ڈریس میکنگ /ڈائیزئنگ کے با مقصد اور با عزت روزگار کمانے کے قابل کورسز کا اجراء بھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی اور خودکفالت کے ضروری ہے کہ خواتین بھی اپنی قابلیت کے مطابق ایسے کورسز میں ضرور شریک ہوں تاکہ وہاں سے حاصل ہونے والی تربیت کو وہ عملی زندگی میں استعمال کرکے خود سے باعزت روزگار کمانے کے قابل ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل(پی وی ٹی سی ) کے زیر اہتمام ونیکے تارڑ سنٹر میں بیوٹیشن ،ڈریس میکنگ اور کمپیوٹر آپریٹر کے چھ ،چھ ماہ کے کورسز میں کامیاب ہونے والی 250خواتین اور طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

معروف سماجی شخصیت محترمہ عالیہ عثمان تارڑ ،چیئرمین یونین کونسل ونیکے تارڑ میجر وقار بشیر تارڑ ،انکی اہلیہ محترمہ فوزیہ وقار تارڑ ،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد نواز گوہر ،ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ حافظ آباد کے پرنسپل محمد یقین سمیت مقامی معززین اور تربیت مکمل کرنے والی خواتین /طالبات نے تقریب میں شرکت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ روایتی تعلیم حاصل نہ کرنے کے باوجود بھی کم پڑھی لکھی خواتین بیوٹیشن اور ڈریس میکنگ کے کورسز کے ذریعے معقول ماہانہ آمدن حاصل کرنے کے قابل بن سکتی ہیںاور بالخصوص دیہی علاقوں کی خواتین کو ان کورسز سے بھر پور استعفادہ حاصل کرنا چاہیے۔

انہوں نے سنٹر میں دی جانے والی تربیت کے معیار کو بھی سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اس کو مذید بہتر بنایا جائیگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ عالیہ عثمان تارڑ ،چیئرمین یونین کونسل میجر وقار بشیر تارڑ نے کہا کہ اس طرح کے تربیتی پروگرام خواتین کو معاشی خود کفالت کے قابل بنانے کے لیے بڑے اہم ہیں اور دوران تربیت تمام خواتین /طالبات کو معقول ماہانہ وظیفہ بھی دیا جانا خوش آئیند ہے۔ڈپٹی کمشنر اور دیگر مہمانان خصوصی نے چھ ماہ کی تربیت مکمل کرنے والی خواتین /طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرتے ہوئے عملی زندگی میں انکی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :