لاہور ہائی کورٹ نے اربوں کی ٹیکس چوری میں ملوث بااثر شخصیات کے خلاف کاروائی کی درخواست وفاقی سیکرٹری خزانہ کو بھجوادی

بدھ 18 اپریل 2018 21:28

لاہور ہائی کورٹ نے اربوں کی ٹیکس چوری میں ملوث بااثر شخصیات کے خلاف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2018ء) لاہور ہائی کورٹ نے اربوں روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث بااثر شخصیات کے خلاف کاروائی کے لیے درخواست وفاقی سیکرٹری خزانہ کو بھجوادی، عدالت نے متعلقہ سیکرٹری کودرخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدائت کر دی۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار مقامی شہری اے کے بٹ نے موقف اختیار کیا کہ ٹیکس چوری کرنا قومی جرم اور ملکی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، قیام پاکستان سے آج تک بااثر شخصیات نے ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کی اور اربوں کا ٹیکس چوری کر کے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا،انہوں نے کہا کہ بااثر شخصیات نے ٹیکس چوری کے لئے حکومتوں میں اپنے اثرورسوخ کو استعمال کیا، ٹیکس چوروں کے اس اقدام سے حکومتوں کو قرضے لینے پڑے اور نے ملک کودیوالیہ بنایا گیا، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت ان ٹیکس چوروں کے خلاف کاروائی کا حکم دے، مزید استدعا کی کہ ٹیکس چوروں کے خلاف موثر قانون سازی کا حکم دیا جائے،جس پر عدالت نے درخواست دادرسی کے لیے سیکرٹری فنانس ڈویزن کو بھجوا دی، عدالت نے درخواست گزار کو سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدائت کر دی۔