شامی شہر دوما میں اقوام متحدہ کی سکیورٹی ٹیم پر فائرنگ،واپس دمشق روانہ

سیکورٹی ٹیم او پی سی ڈبلیو ماہرین کی آمد سے قبل حالات کا جائزہ لینے کے لیے دوما موجود تھی،اہلکار کی گفتگو

جمعرات 19 اپریل 2018 12:36

دوما(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) اقوام متحدہ کے اہلکار نے بتایا ہے کہ شامی شہردوما میں موجود اقوام متحدہ کے حفاظتی دستوں پر فائرنگ کی گئی ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق یہ واقعہ دوما میں مبینہ کیمیائی حملے کے تناظر میں وہاں بین الاقوامی ماہرین کی ایک تحقیقاتی ٹیم کی آمد سے قبل پیش آیا۔مشرقی غوطہ کے دوما نامی شہر میں اقوام متحدہ کی سکیورٹی ٹیم پر حفاظتی صورتحال کے جائزے کے دوران فائرنگ کی گئی ۔

(جاری ہے)

تاہم اقوام متحدہ کے اہلکار نے اس واقع میں کوئی شخص زخمی یا ہلاک نہیں ہوا اور سکیورٹی ٹیم کو واپس دمشق منتقل کر دیا گیا ۔فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کیمیائی ہتھیاروں پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم او پی سی ڈبلیو کے ماہرین کی ٹیم حملے کی چھان بین کے سلسلے میں سکیورٹی ٹیم کی جانب سے اجازت کا انتظار کر رہی تھیں۔ تاہم اب ممکن ہے کہ ’او پی سی ڈبلیو‘ کے بین الاقوامی ماہرین فی الوقت دمشق میں موجود رہیں۔