پاکستان رائیڈرز گروپ کی جانب سے سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی کے اعزاز میں الوداعی ملاقات

aijaz ahmad gondal اعجاز احمد گوندل منگل 14 اکتوبر 2025 16:56

پاکستان رائیڈرز گروپ کی جانب سے سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی کے اعزاز ..
ابوظہبی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2025ء )  پاکستان رائیڈرز گروپ (PRG) کے اراکین نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی سے الوداعی ملاقات کی۔ یہ ملاقات پاکستان کے سفارتخانے ابوظہبی میں منعقد ہوئی، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے 20 سے زائد رائیڈرز نے شرکت کی۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان رائیڈرز گروپ کے جذبے، عزم اور مثبت سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات اور بیرونِ ملک پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے گروپ کے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ دینے میں اپنا کردار جاری رکھیں۔ اس موقع پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان رائیڈرز گروپ کے صدر عمر طارق (مرزا خُد) کو یادگاری شیلڈ پیش کی، جبکہ گروپ کی جانب سے سفیر کو ایک یادگاری جیکٹ پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

تقریب میں سفیر نے گروپ کے دیگر اراکین کو ان کی خدمات کے اعتراف میں تعارفی سرٹیفیکیٹس بھی عطا کیے۔

پاکستان رائیڈرز گروپ کے صدر عمر طارق نے سفیر فیصل نیاز ترمذی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی اور تعاون نے کمیونٹی سرگرمیوں میں گروپ کے کردار کو مزید مضبوط کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گروپ آئندہ بھی متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرتا رہے گا۔ تقریب میں سفارتخانے کے سینئر حکام اور پاکستان رائیڈرز گروپ کے متعدد اراکین نے شرکت کی۔