اقوام متحدہ کا غزہ میں امدادی سرگرمیوں کے لیے مزید فنڈز جاری کرنے کا اعلان

منگل 14 اکتوبر 2025 16:36

اقوام متحدہ کا غزہ میں امدادی سرگرمیوں کے لیے مزید فنڈز جاری کرنے کا ..
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) اقوام متحدہ نے جنگ زدہ غزہ میں انسانی امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کے لیے اپنی ہنگامی امدادی فنڈ (سی ای آر ایف )سے اضافی 11 ملین ڈالر جاری کر دئیے ہیں۔ یہ اقدام موسم سرما کی آمد سے قبل بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔یہ اعلان اقوام متحدہ کے ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر ٹام فلیچر کی جانب سے کیا گیا۔

ان کے مطابق یہ فنڈ خوراک، پانی، طبی سہولیات اور پناہ گاہوں سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فوری فراہمی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔اس سے قبل گزشتہ ہفتے 9 ملین ڈالر ایندھن کی فراہمی کے لیے مختص کیے گئے تھے، یوں مجموعی طور پر حالیہ فنڈنگ 20 ملین ڈالر تک جا پہنچی ہے۔اقوام متحدہ اور اس کے شراکت دار ادارے غزہ میں امدادی کارروائیاں تیزی سے بڑھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیل سے 190,000 میٹرک ٹن امدادی سامان کی منظوری حاصل ہو چکی ہے، جس میں مارچ کے بعد پہلی بار کھانا پکانیکے لیے گیس کی فراہمی بھی شامل ہے۔ٹام فلیچر نے خبردار کیا کہ اگر مزید مالی امداد نہ ملی تو انسانی امداد کا سلسلہ متاثر ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک نازک موقع ہے، جو صبر، تخلیقی حکمتِ عملی اور مسلسل دریا دلی کا متقاضی ہے۔

دوسری جانب، اقوام متحدہ کے ترجمان فرحان عزیز حق کے مطابق، حالیہ دنوں میں جنوبی غزہ سے شمالی علاقوں کی جانب 3 لاکھ سے زائد افراد کی نقل مکانی دیکھی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امدادی ٹیمیں اب ان علاقوں تک بھی رسائی حاصل کر رہی ہیں جو کئی مہینوں سے مکمل طور پر کٹے ہوئے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ طبی اور ہنگامی امدادی سامان کو پیشگی اہم مقامات پر پہنچایا جا رہا ہے، اور اہم سڑکوں کی جانچ بھی کی جا رہی ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔