ن لیگ نے عدلیہ کے بعد اب نیب کے خلاف مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 19 اپریل 2018 14:06

ن لیگ نے عدلیہ کے بعد اب نیب کے خلاف مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 اپریل 2018ء) :مسلم لیگ ن نے اب عدلیہ کے بعد نیب کے خلاف مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے لیے ن لیگ کے سوشل میڈیا ونگ متحرک ہو گئے ہیں۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن نے عدلیہ سے زیادہ نیب کے خلاف مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ چئیرمین و دیگر نیب عہدیداران کے خلاف پروپیگنڈا کی منصوبہ بندی بھی کر لی گئی ہے۔

سوشل میڈیا ونگ کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے جس طرح قصور میں ن لیگی کارکنان نے اعلیٰ عدلیہ کے خلاف غلیظ زبان استعمال کی تھی ۔ نیب افسران کے خلاف بھی جلسے جلوسوں میں ایسی ہی زبان کا استعمال کیا جائے گا۔ جبکہ نیب افسران کی گاڑیوں کے آگے اور ان کے گھروں کے باہر بھی احتجاج کیاجائے گا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے ایک خصوصی گروپ کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ عدلیہ پر ہاتھ ہولا اور نیب پر ہاتھ سخت کر ے اور نیب کے خلاف پروپیگنڈہ سے لے کر نیب کو متنازعہ بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ کام کرے۔

(جاری ہے)

ن لیگی ذرائع کے مطابق کرپشن کے اہم ثبوت سامنے آنے پر ن لیگ نے نیب کو متنازعہ بنانے کی منصوبہ بندی کی اور اس ضمن میں اہم لیگی رہنماﺅں سمیت ایسے تمام لیگی رہنما جو مختلف ٹی وی پروگرامز میں آتے ہیں، کو بھی ٹارگٹ دے دیاگیا ہے کہ وہ پروگرام کوئی بھی ہو مگر اس نیب کو تنقید کا نشانہ ضرور بنائیں۔ ذرائع کے مطابق اہم نیب کے افسران کی گاڑیوں کے آگے احتجاج کرکے بھی ان پر دباﺅ ڈالنے کی کوشش کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر کئی ایسی جعلی تصاویر بھی بنا کر پیش کی جائیں گی جس میں تاثر دیا جائے گا کہ نیب افسران ایک منصوبہ بندی کے تحت دوسری سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر ان کے خلاف جعلی کیسز بنا رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ نے فیصلہ کر لیا ہے کہ ہر حال میں نیب کو ہی تنقید کا نشانہ بنا کر اس قدر دباﺅ ڈال دیا جائے کہ نیب کی طعد سے مززید انکوائریاں رُک جائیں۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ کے اتحادی بھی اس پراپیگنڈہ میں ن لیگ کا ساتھ دیں گے۔