Live Updates

عمران خان خیبرپختونخوا کے ایم پی ایز کی طرف سے وزیراعلیٰ پرویز خٹک پر کرپشن کے الزامات کا حساب دے، سعید غنی

جمعرات 19 اپریل 2018 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران نیازی خیبرپختونخوا کے ایم پی ایز کی طرف سے وزیراعلیٰ پرویز خٹک پر کرپشن کے الزامات کا حساب دے، عمران نیازی تضادات کا شکار ہیں۔ جمعرات کو جاری بیان کے مطابق سعید غنی نے کہا کہ بلین ٹری سے لے کر تفریحی مقامات پر قبضہ نیازی سروس کی کرپشن کا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے خود سینیٹ نشست کی بولی 40کروڑروپے لگائی تھی۔ قو م کو اس سوال کا جواب دیں کہ انہوں نے سینیٹ کی نشست کتنے میں بیچی۔ سعید غنی نے کہا کہ قوم عمران کے ذریعہ آمدنی سے بھی لاعلم ہیں اور حیران ہیں کہ عمران شاہانہ زندگی کیسے بسر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اپنی کرپشن کو چھپانے کے لئے سارا ملبہ اپنی پارٹی کے ایم پی ایز پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات