کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد عوامی مسائل کی نشاندہی کرنے کے علاوہ انکی فوری داد رسی کرنا ہے،کمشنر مکران محمد ایاز مندوخیل

جمعرات 19 اپریل 2018 23:23

کوئٹہ۔ 19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) وز یر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس کی بزنجو کی ہدایت پر کمشنر مکران محمد ایاز مندوخیل کی طرف سے سرکٹ ہاؤس تربت کے مقام پر ایک عوامی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ۔ کھلی کچہری میں کمشنر مکران محمد ایاز مندوخیل کے علاوہ ڈپٹی کمشنر کیچ قربان علی مگسی سمیت ضلع کیچ کے مختلف محکموں کے سرکاری افسران کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

اس موقع پر کمشنر مکران نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد عوامی مسائل کی نشاندہی کرنے کے علاوہ انکی فوری داد رسی کرنا ہوتا ہے تاکہ انکے مسائل جلد سے جلد حل ہوسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے فورم کا انعقاد عوامی مسائل کے حل کی جانب ایک اہم اقدام ہے ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں عوام کی جانب سے ضلع کیچ میں مختلف مسائل پر کمشنرمکران کو اپنیشکایت پیش کی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے کمشنر مکران نے مختلف محکموں کے سرکاری افسران سے وضاحت طلب کرنے کے علاوہ ان پر ز و ر دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیاد وں پر حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔

اس دوران یونین کونسل ناصر آباد کے وفد نے کمشنر مکران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ناصر آباد اور گرد نواح کے علاقوں کو کمپنشن کی فوری فراہمی کی جائیں جسے میرانی ڈیم کی تعمیرات کے وقت متاثرہ قرار دیا گیا تھا کمشنر مکران نے میرانی ڈیم متاثرین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں بورڈ آف ریونیوسے بات چیت ہورہی ہے اور جون تک متاثرین کو ادائیگیاں کردی جائیں گی ۔

یونین کونسل گو کران اور یونین کونسل شاہی تمپ میں واٹر سپلائی کی بحالی کے حوالے سے کمشنر مکران نے محکمہ پبلک ہیلتھ کو احکامات جاری کرتے ہوئے انکی فوری بحالی کی ہدایات بھی جاری کیں ۔ اس کے علاوہ کمشنر مکران نے محکمہ پی ٹی سی ایل کے حکام کو کوشک بلدہ میں ٹیلی فون لائنوں کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے انکی فوری بحالی کی بھی ہدایات دیں ۔ قبل ازیں کیچ سول سوسائٹی کے کنوینر التاز مسیحی کی جانب سے کمشنر مکران کو ضلع کیچ کے مختلف مسائل پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی جس میں ضلع کیچ میں 4Gسروس کی بندش ضلع کیچ میں 2400 ہیلتھ کارڈ کی عدم تقسیم، کو شقلات یوسی میں ٹیلی فون لائنوں کی بحالی ، تربت میں ڈرگ سینٹر کی فعالی او رتوسیع ضلع کیچ میں بورڈ آفس کا نہ ہونا ، ڈسپینسروں کی تعمیر و مرمت شامل تھیں ۔

آخر میں کمشنرمکران نے سرکٹ ہاؤس تربت میں پودہ لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح بھی کیا ۔