ضلع بھر میں باردانہ کیلئے 2348درخواستیں وصول ہو چکی ہیں،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 19 اپریل 2018 23:45

لالہ موسیٰ۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ ضلع بھر کے پانچ مراکز خریداری گندم پر ابتک باردانہ کیلئے 2348درخواستیں وصول ہو چکی ہیں یہ سلسلہ 20اپریل تک جاری رہے گا ، حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق میرٹ پر باردانہ کا اجراء یقینی بنایا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوںنے مرکز گندم خرید جلالپور جٹاں کا اچانک دورہ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا، اے ڈی سی ریونیو سید موسیٰ رضا بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے مرکز خریداری گندم کے انچارج کو ہدایت کی کہ حکومت پالیسی کے مطابق مطابق باردانہ کے اجراء کیلئے ہر درخواست دہندہ کو وصولی کی رسید ضروری جاری کریں،تمام مراکز خریداری گندم پر کسانوں کے بیٹھنے کیلئے کرسی یا چارپائیوں، سایہ، پانی،پنکھوں کا انتظام یقینی بنایا جائے، پولیس تمام مراکز پر سکیورٹی پلان کے مطابق انتظامات کرے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گندم خریداری کے حوالے سے حکومتی پالیسی کا مقصد کسانوں کو انکی فصل کا بہترین معاوضہ کی ادائیگی یقینی بنانا ہے ، انتظامی افسران اور مراکز خریداری گندم کے افسران یقینی بنائیں کہ حکومتی اقدامات سے کاشتکار زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکے۔