کنٹونمنٹ کے پراپرٹی ٹیکس میں ہر ممکن کمی لانے کیلئے سفارشات پیش کریں گے، وائس چیئرمین کنٹونمنٹ بورڈ حویلیاں

جمعہ 20 اپریل 2018 12:32

کنٹونمنٹ کے پراپرٹی ٹیکس میں ہر ممکن کمی لانے کیلئے سفارشات پیش کریں ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) کنٹونمنٹ کے پراپرٹی ٹیکس میں ہر ممکن کمی لانے کیلئے اپنی سفارشات پیش کریں گے، عوام کے ٹیکس کے پیسہ کو عوام پر خرچ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وائس چیئرمین کنٹونمنٹ بورڈ حویلیاں لیاقت خان جدون نے ٹیکس کمیٹی کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کینٹ ایریا کے کاروباری اور رہائشی طبقہ کو ٹیکس کی مد میں ہر ممکن ریلیف دینے کیلئے عوامی مشاورت سے سفارشات اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے اور جو اختیارات کینٹ کے عوام کے نمائدے کے طور پر حاصل ہیں ان سے عوام کو ریلیف دیں گے۔

لیاقت خان جدون نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی طرف سے عائد کردہ ٹیکس عوام کی فلاح و بہبود کیلئے لگائے جاتے ہیں اور عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے واجبات بروقت ادا کریں، کنٹونمنٹ ایریا میں پہلے سے ٹیکس وصول کئے جا رہے ہیں، انتخابات کے نتیجہ میں جن لوگوں کو عوام نے منتخب کر کے بھیجا ہے وہ عوام کو ریلیف دینے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔