او پی ایف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے اور مسائل کے حل کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے‘ اس ادارے نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو اجاگر کرنے اور حل کرنے میں بہت نمایاں کردار ادا کیا ہے‘ بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے ساتھ ساتھ یہ ادارہ ہائوسنگ، تعلیم، ویلفیئر اور سماجی شعبہ جات میں گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے‘ او پی ایف کے تحت تقریباً 10 اوورسیز پاکستانیز کالونیاں قائم کی گئی ہیں، 24 اعلیٰ معیار کے تعلیمی ادارے سمندر پار پاکستانیوں کے بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں،اوپی ایف نے ہمیشہ سے میڈیا کے مثبت کردار کو سراہا ہے، وقتاًً فوقتاًً اپنی کامیابیوںکا تسلسل صحافی برادری کے ساتھ شیئر کیا ہے، اوپی ایف من گھڑت اور بے بنیاد خبروں جیسے بلیک میلنگ کے ہتھکنڈوں سے بالکل مرعوب نہیں ہوگی

جمعہ 20 اپریل 2018 13:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن ( او پی ایف )بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے بنایا جانے والاسرکاری ادارہ ہے جو پچھلے تقریباً چالیس سال سے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ اس ادارے نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو اجاگر کرنے اور حل کرنے میں بہت نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے ساتھ ساتھ یہ ادارہ ہائوسنگ، تعلیم، ویلفیئر اور سماجی شعبہ جات میں گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ اس ادارے کے تحت تقریباً 10 اوورسیز پاکستانیز کالونیاں قائم کی گئی ہیں اور 24 اعلیٰ معیار کے تعلیمی ادارے سمندر پار پاکستانیوں کے بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر برائے سمندر پارپاکستانیز، وفاقی سیکریٹری برائے سمندر پار پاکستانیز اور او پی ایف بورڈ آف گورنرز کے زیر سرپرستی چلنے والا یہ ادارہ بہت سی نئی خدمات شروع کر رہا ہے جس کی وجہ سے اس کی افادیت میں بہت بہتری آئی ہے۔

او پی ایف نے ماضی میں بہت سی ہائوسنگ کالونیاں بنائی ہیں جہاں پر 100 فیصد پلاٹ سمندر پار پاکستانیوں کو الاٹ کئے گئے تاہم چند جگہوں پر او پی ایف کی املاک پر عرصہ دراز سے لینڈ مافیا نے اپنا تسلط جمایا ہوا تھا۔ موجودہ بورڈ آف گورنرزاور او پی ایف کی انتظامیہ نے ایک بھرپور مہم شروع کی جس کے تحت ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے سالہا سال سے ناجائز قابضین سے او پی ایف کی املاک کو تسلط سے آزاد کرایا گیا۔

اس طرح گزشتہ ایک سال کے دوران لاہور اور اسلام آباد میں اربوں روپے کی زمینوں پر سے قبضہ واگزار کرایا گیا۔ او پی ایف نے مختلف ہائوسنگ سکیموں میں ترقیاتی کام مکمل کرائے جس کی وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیز الاٹیوں نے موجودہ حکومت کے لئے بے حد تشکرکا اظہار کیا۔ حال ہی میں او پی ایف کے پیچیدہ ترین مسائل کو حل کرتے ہوئے او پی ایف ویلی زونV میں 25 سال کے بعد الاٹیوں کو قبضہ دیا گیا۔

وزیر مملکت برائے سمندر پارپاکستانیز عبدالرحمان خان کانجو نے اس موقع پر تقریب میں اپنے ہاتھوں سے ملکیتی دستاویزات تقسیم کیں جس میں میڈیا کو بھی شریک کیا گیا تاکہ وہ اپنی آنکھوں سے تکمیل شدہ کام کا جائزہ لے سکے۔ او پی ایف کی حالیہ کامیابیوں کی وجہ سے اور بااثر قبضہ مافیا کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کارروائی کرنے کی وجہ سے کچھ ناعاقبت اندیش اور شرپسند عناصر او پی ایف کی بے جا کردار کشی کرنا چاہتے ہیں، اس سلسلے میںچند مخصوص عناصر کو آلہ کار بناتے ہوئے او پی ایف کے خلاف من گھڑت اور بے بنیاد خبریں چھاپی جا رہی ہیں۔

ان مذموم کارروائیوں کا مقصد او پی ایف کی توجہ کو اس کے بنیادی مقصد سے ہٹا کر متنازعہ بنانا ہے۔ یہ تمام مہم قبضہ مافیا کو ناروا تحفظ دینے کے لئے چلائی جارہی ہے جس کی سنجیدہ عناصر کی طرف سے مذمت کی جارہی ہے خاص طور پر زونVاسلام آباد میں الاٹیوں کو 16جنوری 2018ء کو قبضہ دینے کے بعد اور باقی مانندہ حصے میں تعمیراتی کام کے آغاز کے بعد اس مہم میں شدت آگئی ہے۔

او پی ایف ایک سرکاری ادارہ ہے جس کے تمام معاملات قانون اورضابطوں کے تحت چلائے جاتے ہیں ۔اوپی ایف نے ہمیشہ سے میڈیا کے مثبت کردار کو سراہا ہے اور وقتاًً فوقتاًً اپنی کامیابیوںکا تسلسل صحافی برادری کے ساتھ شیئر کیا ہے۔اوپی ایف ان بلیک میلنگ ہتھکنڈوں سے بالکل مرعوب نہیں ہوگی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے اپنی کاوشوں کو جاری رکھے گی۔اس سلسلے میں وزارت سمندرپارپاکستانیز ،بورڈ آف گورنرز کے تمام ممبران اور اوپی ایف انتظامیہ میں مکمل ہم آہنگی ہے اور بورڈ آف گورنرز کی ہدایات اور پالیسیوں کے عین مطابق عمل کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :