’’مطالعہ کیوں ضروری ہی طلبہ مطالعہ کیوں اورکیسے کریں ‘‘کے موضوع پر خصوصی نشست کا انعقاد

جمعہ 20 اپریل 2018 17:47

لاہور۔20 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) اردوسائنس بورڈ کے زیراہتمام عالمی یوم کتاب کے حوالے سے ’’مطالعہ کیوں ضروری ہی طلبہ مطالعہ کیوں اورکیسے کریں ‘‘کے موضوع پر خصوصی نشست منعقدہوئی، خصوصی نشست میں مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ اورطلبہ وطالبات نے شرکت کی، ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ناصرعباس نیّر نے اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ قوموں کی ترقی میں علم کو بنیادی حیثیت حاصل ہے اورعلم کے حصول کیلئے مطالعہ اورکتب بینی بے حد اہمیت رکھتے ہیں، مطالعہ انسانی صلاحیتوں کو بیدارکرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے، انہوں نے کہاکہ اساتذہ طلبہ کو شروع ہی سے مطالعہ کتب کی طرف راغب کریں، اساتذہ اور والدین کی ذمہ داری ہے کہ بچوں کو کتاب کی اہمیت سے آگاہ کریں اور انٹرنیٹ پر دستیاب مفید اور معلوماتی مواد تلاش کرنے اورمطالعہ کیلئے ان کی رہنمائی کریں، اس موقع پر انچارج ہابیزچلڈرن لائبریری کوثرجبیں نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو چاہئے کہ وہ مطالعہ کو اپنی عادت بنالیں ، ذخیرہ الفاظ ، معلومات میں اضافہ اورغیر نصابی کتب کے مطالعہ کیلئے لائبریری لازمی جائیں، طلبہ مطالعہ کے ذریعے ہی اپنی امتحانی کارکردگی مزید بہتر بناسکتے ہیں،کامیاب اور عظیم لوگوں کی آپ بیتیوں کا مطالعہ کریں ، معروف مصنف و موٹیویشنل سپیکر رمیز احمد نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ حصول علم کیلئے مطالعہ کا شوق پیدا ہونا ضروری ہے، کتاب سے دوستی کرنے والے لوگ زندگی میں کامیاب ہوتے ہیں، ممتازسائنسی ادیب تسنیم جعفری، زاہدہ حمید اور طلبا وطالبات نے بھی اس موقع پر اظہارخیال کیا، آخرمیں طلبا وطالبات میں بورڈ کی طرف سے ڈاکٹر ناصرعباس نیّر نے کتابوں کے سیٹ کے تحفے تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :