یمنی حوثیوں باغیوں نے تیل بردار 19 جہاز یرغمال بنا لئے، سعودی سفیر کی تصدیق

اتوار 22 اپریل 2018 09:50

صنعاء۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) یمن میں متعیّن سعودی سفیر محمد آل جابر نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ حوثی باغیوں نے تیل بردار19 جہازوں کو روک رکھا ہے اور وہ انھیں الحدیدہ کی بندر گاہ میں داخل نہیں ہونے دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

العربیہ ٹی وی کے مطابق آل جابر نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ حوثی باغیوں نے تیل بردار 19 جہازوں کو اپنے زیر قبضہ علاقے رمی المخطاف میں روک رکھا ہے اور وہ انھیں الحدیدہ کی بندر گاہ میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں۔ان کی اس حرکت پر یمن کے انسانی امدادی مرکز کو گہری تشویش لاحق ہے۔واضح رہے کہ حوثی جنگجوؤں نے تین اپریل کو الحدیدہ کی بندرگاہ کے مغرب میں بحیرہ احمر کے بین الاقوامی پانیوں میں سعودی عرب کے ایک آیل ٹینکر پر حملہ کیا تھا۔