ماہرین زراعت نے باغبانوں کو اپریل کے آخر تک باغات میں نائٹروجنی کھاد کی دوسری قسط ڈالنے کی ہدایت کردی

اتوار 22 اپریل 2018 12:50

فیصل آباد۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) ماہرین زراعت نے ویلنشیا لیٹ کی برداشت شروع اور پیوندکاری کاعمل مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ باغبان نہ صرف ویلنشیالیٹ کی انتہائی احتیاط کے ساتھ برداشت مکمل کرلیں بلکہ جڑی بوٹیوں کا بروقت تدارک بھی یقینی بنائیں اور پیوندکاری کاعمل مکمل کرتے ہوئے ترشاوہ پھلوں کے پودوں کے کچے گلے اور غیر معمولی بڑھوتری والی شاخیں بھی کاٹ دیں تاکہ پودوں کی بہتر پرورش و بڑھوتری سمیت اچھی فصلات و بہتر پیداوار کاحصول ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے کہاکہ باغبان ترشاوہ پھلوں کے پودوں کو اپریل کے آخر تک نائٹروجنی کھاد کی دوسری قسط ڈال دیں اور عناصر صغیرہ کا ضرورت کے مطابق سپرے بھی کریں ۔ انہوںنے کہاکہ باغبان 15 دن کے وقفہ سے آبپاشی کریں اور پھل شروع ہونے کے فوراً بعد پانی ضرور دیں۔ انہوںنے کہاکہ باغبان کیڑوں اور بیماریوںکے خلاف سپرے کرتے ہوئے پودوںکے تنوں پر بورڈ و پیسٹ لگانے کے ساتھ ساتھ جنسی پھندے لگانے کاعمل بھی جاری رکھیں ۔ انہوںنے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی یامعلومات کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :