ملک کو نوجوان نسل سے بڑی توقعات وابستہ ہیں،طالبات وخواتین مستقل مزاجی سے کام کریں گی تو قدم قدم پر کامیابی ان کا مقدر ہو گی،گورنر پنجاب

جمعہ 26 اپریل 2024 15:55

ملک کو نوجوان نسل سے بڑی توقعات وابستہ ہیں،طالبات وخواتین مستقل مزاجی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) گورنر پنجاب و چانسلر گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آباد انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملک کواپنی نوجوان نسل اور خصوصاً طالبات وخواتین سے بڑی توقعات اور امیدیں وابستہ ہیں کیونکہ یہ ملکی آبادی کا نصف سے بھی زائد حصہ ہیں لہٰذاان کا امپاور ہونا کسی بھی ملک کی ترقی اور خوش بختی کی علامت ہے اس لئے انہیں اپنے شعبہ میں جان توڑ کر محنت کو اپنا شعار بنانا ہوگی کیونکہ ان کے بغیر ملکی تعمیر وترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا لیکن اس کیلئے انہیں مستقل مزاجی سے کام کرنا اور اسے پوری تندہی و خلوص نیت سے جاری وساری رکھنا ہوگا کیونکہ اگرطالبات اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد ڈگریاں حاصل کرکے عملی زندگی میں آنیوالی خواتین مستقل مزاجی سے کام کریں گی تو قدم قدم پر کامیابی ان کا مقدر ہو گی۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کے روز جی سی وومن یونیورسٹی فیصل آباد کے چوتھے کانووکیشن کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے جس میں پی ایچ ڈی ڈگری سیشنز2014-17،2017-20،2018-21،2019-22کی10،ایم ایس و ایم فل ڈگری سیشن2019-21 (فوڈ اینڈ نیوٹریشن)۱ور23۔ 2021کی142،ایم اے،ایم ایس سی کی296،اے ڈی پی،بی ایڈ(1.5)سیشن 2022۔23کی54 اوربی ایس ڈگری پروگرامزسیشن2019-23 کی فارغ التحصیل2966 طالبات سمیت کل3560 طالبات کو ڈگریوں سے نوازاگیاجبکہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں پوزیشن حاصل کرنےوالی 43گریجوایٹس کو گولڈ میڈلز،51کو سلور میڈلز اور83کو براؤنز میڈلز بھی عطا کئے گئے۔

اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی، کنٹرولر امتحانات جی سی وومن یونیورسٹی فیصل آبادرضوانہ تنویر رندھاوا،تمام فیکلٹیز کی ڈینز، شعبہ جات کی سربراہان،فیکلٹی ممبران، وائس چانسلرجی سی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسرناصر امین،سابق صدرفیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں محمد ادریس،پارلیمنٹیرینز،سیاسی و سماجی شخصیات،طالبات اور ان کے والدین کی بڑی تعدادبھی موجودتھی۔

گورنر پنجاب نے ڈگریاں حاصل کرنےوالی طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کامیابی سب کی کامیابی ہے جس کیلئے آپ کوبہت مبارک اور ان کی دعا ہے کہ آنےوالی زندگی میں اللہ تعالیٰ ہر میدان میں آپ کی مدد کرے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن طالبات کیلئے باعث مسرت اور کامیابیوں سے بھر پور ہے لیکن اس موقع پر انہیں اس عزم کا بھی اعادہ کرنا ہوگا کہ ڈگریاں حاصل کرنیوالی طالبات اپنے منفرد تحقیقی ذہن کے ذریعے ادارے، اساتذہ اور ڈگری کے وقار میں اضافہ کریں گی۔

انجینئر محمدبلیغ الرحمن نے کہا کہ ہم والدین کی جتنی بھی تابعداری کرلیں ان کے احسان کا شکر ادا نہیں کرسکتے جبکہ اساتذہ بھی والدین کا درجہ رکھتے ہیں اسی لئے قرآن پاک میں کہا گیا ہے کہ شکر ادا کرو میں تمہیں زیادہ دوں گا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی شخص کی زندگی مکمل نہیں ہوتی،ہم دنیا میں تنہا آتے ہیں اور اللہ تعالی مختلف حیلوں وسیلوں سے ہمیں اپنی نعمتوں سے نوازتاچلاجاتاہے لیکن جو شکرادا کرتے ہیں وہ ذہنی طور پر توانا رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسان اللہ تعالی کی نعمتوں کا شکر اداکرتے کرتے ساری زندگی گزار دے تب بھی کم ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کا معاشرہ خدمت کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے جس کی بہترین مثال عبدالستارایدھی کی ہے۔اخوت فاؤنڈیشن کی مثال دیتے ہوئے انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ وہ اربوں روپیہ ضرورت مند لوگوں کو قرضہ حسنہ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ تعلیم حاصل کرو ماں کی گود سے لیکر لحد تک،اس لئے تعلیم فرض ہے اور آپ نے تعلیم حاصل کرتے رہنا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیڈر دوسروں کی بہتری چاہتے ہیں اس لئے عملی زندگی میں آپ بھی اپنے ماتحتوں کی عزت کریں اورسچائی کا دامن کسی صورت میں نہ چھوڑیں کیونکہ جھوٹ سے کبھی دیرپا کامیابی نہیں مل سکتی نیزتربیت بھی بہت ضروری ہے کیونکہ تربیت کے بغیر خالی تعلیم کا کوئی فائدہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کریکٹر بلڈنگ کیلئے تعلیم کے ساتھ تربیت کا ہونا اشد ضروری ہے اور تربیت صرف ایک شخص کی ہی نہیں بلکہ اس کی نسلوں کی عکاس ہوتی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں معاشرے میں اخلاق، رواداری،محبت،امن، اخوت ویگانگت، برداشت اور نظراندازی کے رویوں کو فروغ دینا ہے جس کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کی رائے کا احترام بھی کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اشتعال پسندی کے کلچر کو روکنا پڑھے لکھے افراد کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

گورنر نے کہاکہ فکرمعاش میں اخلاقی اقدار کو کبھی نہ بھولیں کیونکہ ہماری اخلاقیات ہی ہماری پہچان اور اس دنیا وآخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہیں لہٰذا ایسا نہیں ہوسکتا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ کسی کے غلط پروپیگنڈہ میں آئے۔انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ تمام حکومتوں نے تعلیم کا بجٹ بڑھایالیکن ماضی میں ایک ایسی حکومت بھی آئی جس نے تعلیم کا بجٹ کم کردیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کرپٹ آدمی کو اعلیٰ عہدہ پر بٹھایا جائے گا تو اس کے نیچے کرپٹ لوگ ہی آئیں گے مگر اب پاکستان میں کرپشن کی گنجائش نہیں ہونی چاہئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اگر حکومتیں اچھا کام کرتی ہیں تو اس کی تعریف کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہم بدقسمتی سے تعلیمی میدان میں پیچھے ہیں لیکن پاکستان کی تاریخ میں نواز شریف کے دور میں جتنی یونیورسٹیز بنیں کسی اور دور میں اتنی نہیں بنیں اسلئے جو اچھا کام کرے اس کی تعریف کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی تناظر میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم جدت اور تحقیقی اصولوں کو اپناتے ہوئے نئی ایجادات اور انکشافات کے ذریعے دنیا بھر میں اپنی شناخت قائم اور وطن عزیز کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا کھڑا کریں۔انہوں نے زیورتعلیم سے آراستگی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ خواتین بھی معاشرہ کے ہر شعبہ میں خدمات سر انجام دیکر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے معیاری تحقیق کے فروغ کی اہمیت پر زور دیاتاکہ اس سے براہ راست معاشرے بالخصوص انسانیت کو فائدہ ہو۔قبل ازیں وائس چانسلر جی سی وومن یونیورسٹی فیصل آبادپروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے یونیورسٹی کی شاندار کارکردگی کا تفصیلی احاطہ کیا۔تقریب کے اختتام پر گورنر نے فارغ التحصیل طالبات کو ڈگریاں اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں میڈلز تقسیم کئے۔ کانووکیشن سے قبل گورنر پنجاب انجینئرمحمد بلیغ الرحمن نے یونیورسٹی میں پودا بھی لگایا۔