ڈپٹی ڈائریکٹر نیب لاہور رمضان فرائض کی ادائیگی میں غفلت پر معطل ،انکوائری کا آغاز

نیب بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے بلا امتیاز احتساب کیلئے پرعزم ،احتساب ’’سب کیلئے ‘‘میں خود احتسابی کا عمل بھی بہت ضروری ہے‘ جاوید اقبال

اتوار اپریل 13:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اپریل2018ء) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر نیب لاہور رمضان کو معطل کر کے انکوائری کا آغاز کردیا گیا۔ نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر نیب لاہور رمضان پر فرائض کی ادائیگی میں غفلت کا الزام ہے جس پر انہیں معطل کر کے انکوائری شروع کردی گئی۔

(جاری ہے)

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر نیب لاہور کو اپنا موقف دینے کا موقع دیا جائے گا جبکہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر اب تک محکمے کے 85افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب کی ہدایت پر 23افسران و اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست کیا اور 32کو چھوٹی سزائیں دی گئی ہیں۔اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ احتساب ’’سب کے لیے ‘‘میں خود احتسابی کا عمل بھی بہت ضروری ہے۔نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے بلا امتیاز احتساب کیلئے پرعزم ہے۔