40 ارب ڈالر کے ریکارڈ غیرملکی قرضوں کے بعد حکومت کی مزید قرض کی پلاننگ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 22 اپریل 2018 13:26

40 ارب ڈالر کے ریکارڈ غیرملکی قرضوں کے بعد حکومت کی مزید قرض کی پلاننگ
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 اپریل۔2018ء) مسلم لیگ نون کی وفاقی حکومت نے اپنے دور حکومت میں 40 ارب ڈالر کے غیرملکی قرضوں کے بعد مزید قرضے لینے کی پلاننگ کررہی ہے- وفاقی مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے آئندہ کی حکمت عملی بیان کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی اور یورپی بانڈ مارکیٹ سے بھاری قرض لے لئے، اب چینی بانڈ مارکیٹ کا رخ کیا جائے گا۔

غیر نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے نئے قرضے لینے کا عندیہ دے دیا اور کہا کہ رواں سال پہلے چینی مارکیٹس سے اور پھر انٹرنیشل بانڈ مارکیٹ سے مزید قرضہ لیا جائے گا۔مشیرخزانہ نے کہا کہ موجودہ ضروریات کیلئے کمرشل بینکوں سے قرضہ لیا جارہا ہے، روپے کی قدر میں دو مرتبہ کمی کی گئی تاہم پاکستانی کرنسی کی قدر کم کرنےکی فی الحال ضرورت نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کیلئے پلان تیار کر لیا ہے، ایف اے ٹی ایف کے تحفظات کا مکمل طور پر ازالہ کریں گے، ہم نے ستمبر اکتوبر میں چینی بانڈ مارکیٹ میں بانڈز کی فروخت کا فیصلہ کیا ہے، نومبر میں ایک بار پھر بین القوامی بانڈز مارکیٹ کا رخ کریں گے جیسے گزشتہ سال کیا تھا ہم نے پلان تیار کرلیا ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اس مہینے کی 23 یا 25 کو یہ پلان ایف اے ٹی ایف سے شیئر کریں گے، ہمارے خیال میں پاکستان صرف ایک سال تک گرے لسٹ میں رہے گا، ہم بین القوامی برادری ،ایف اے ٹی ایف کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

ریفارمز پر عمل درآمد شروع کریں گے اور ہم جلد گرے لسٹ سے باہر آجائیں گے۔مشیرخزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی سر زمین سے دہشت گردوں کی فنانسنگ اور منی لانڈرنگ نہیں ہونے دیں گے، سی پیک کے باعث ملک میں اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے اورتوانائی بحران کے خاتمے کے بعد صنعتی سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں، تجارتی عدم توازن کے باعث ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی آئی، اقتصادی پالیسیوں کی بدولت افراط زر کی شرح 4فیصدسے کم ہوچکی ہے۔