چترال،سوئٹزرلینڈ کی خاتون سفیر تھامس کیلی نے 850کلوواٹ ہائیڈل پاورہائوس کاافتتاح کردیا

اتوار 22 اپریل 2018 20:40

چترال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) سوئٹزرلینڈ کی خاتون سفیر تھامس کیلی نے باقاعدہ طورپرپائورگائوں میں 850کلوواٹ ہائیڈل پاورہائوس کاافتتاح کردیا۔تفصیلات کے مطابق اتوارکے روزپاورہائوس سوئس ایجنسی برائے ترقی وتعاون (ایس ڈی سی)کے مالی تعاون اور آغاخان رورل سپورٹ پروگرام (اے کے آر ایس پی)کی نگرانی میںقائم کیاگیاہے،جس نے گزشتہ سال بجلی کی پیداوار شروع کی۔

پاور گاؤں میں مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے تھامس کیلی نے پاورہاؤس کی تعمیر پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس سے چترال کے دور دراز علاقوں میں درجنوں سے زائد گاؤں بجلی کی سہولیات سے مستفیدہوسکیں گے، سوئس حکومت علاقے میں دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تعمیرمیں بھی اپنا حصہ لے گی، چترال میں سیاحت کے لحاظ سے بہت ذرخیزہے یہاں پروہ ایسامحسوس کرتاہے جیسے کہ وہ سوئٹزرلینڈ میں ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوئٹزلینڈ کی حکومت یہاں کے سیاحتی شعبے کی ترقی وفروغ کیلئے ہرممکن اقدامات کریگی تاکہ یہاں کے مقامی لوگوں کے مالی حالت میں بہتری آسکے۔اس موقع پرخاتون سفیرتھامس کیلی اور ان کے شوہر کو روایتی چترالی ٹوپیاں بھی پہنائی گئیں۔اس موقع پرچترالی عوام نے سوئس حکومت کی جانب سے پاورہائوس کیلئے فنڈزمہیاکرنے پرخصوصی شکریہ اداکیااورانہوںنے سفیرسے درخواست کی کہ وہ علاقے کے نوجوان کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھائیں۔

آغاخان فاؤنڈیشن (اے کے ایف) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اختر اقبال، (اے آر آر پی ایس) ریجنل پروگرام مینیجر سردار ایوب اور اے کے ڈی این کے حکام بھی اس موقع پرموجود تھے،واضح رہے کہ پاورہائوس گزشتہ سال مکمل ہوگیاتھاجس سے علاقے کے 1800گھربجلی کی سہولیات سے مستفیدہورہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :