مشروبات میں جعل سازی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون جاری

معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں تیار کرنے والی ر فیکٹری جڑ سے اکھاڑ دی، 6500سٹنگ، 3 ہزار تیار پیپسی جبکہ10 ہزاربوتلوں کا خام مال برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا

اتوار 22 اپریل 2018 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2018ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں کاروائی کرتے ہوئے معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں تیار کرنے والی ر فیکٹری جڑ سے اکھاڑ دی۔6500 سٹنگ، 3 ہزار تیار پیپسی جبکہ10 ہزاربوتلوں کا خام مال برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا۔ آئس کریم فیکٹریوں کی چیکنگ کرتے ہوئے کوٹ لکھپت میں ڈیری آئس کریم تیار کرنے والی فیکٹری کو مزید بہترین انتظامات پر ڈی جی فوڈ کی جانب سے شاباش دی گئی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے تفصلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں کاروائی کرتے ہوئے راوی کنارے سنسان علاقے میں معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں تیار کرنے والی فیکٹری جڑ سے اکھاڑ دی۔لاہور کے مختلف علاقوں میں سپلائی کے لیے تیار 6500 سٹنگ، 3 ہزار پیپسی جبکہ10 ہزاربوتلوں کا خام مال برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

فیکٹری کا تمام سامان اکھاڑ کر ضبط کرتے ہوئے مالکان کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا۔ مشروبات کے نام پر عوام کو مضر صحت کیمیکل پلانے والی فیکٹری کا پتہ ویجیلنس ونگ نے 2 ہفتے تک ریکی کر کے لگایا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے آئس کریم فیکٹریوں کی بھی چیکنگ کی۔لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں ڈیری آئس کریم تیار کرنے والی فیکٹری کو مزید بہترین انتظامات پر ڈی جی فوڈ نے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے شاباش دی۔

ڈی جی فوڈنے واضح کیا کہ گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی مشروبات ،آئس کریم، برف سمیت گرمیوں کی مصنوعات کے استعمال میں اضافہ ہونے کی وجہ سے ناقص برف، مضر صحت آئس کریم اور جعلی بوتلوں کا دھندہ زور پکڑتا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی آپریشنز اور ویجیلنس ٹیمیں کولڈ ڈرنکس، مشروبات، قلفی، آئس کریم، برف سمیت گرمیوں کی مصنوعات کی خصوصی نگرانی کر رہیں ہیں۔ ملاوٹ اور جعل سازی کرنے والوں کو کوئی رعائیت نہیں دی جائے گی مکروہ دھندے میں ملوث تمام فیکٹریاں جڑ سے اکھاڑ دی جائیں گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی صاف ستھری ،معیار اورحفظان صحت اصولوں کے مطابق اشیاء خورونوش بنانے والوں کی حوصلہ افزائی بھی کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :