بلوچستان تبدیلی کے عمل سے گزررہا ہے، پرامن اور خوشحال بلوچستان ایک مضبوط پاکستان کی بنیادہے، میر عبدالقدوس بزنجو کا طلباء میں لیپ ٹاپ تقسم کرنے کی تقریب سے خطاب

اتوار 22 اپریل 2018 22:50

کوئٹہ۔ 22 اپریل(اے پی پی وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان تبدیلی کے عمل سے گزررہا ہے۔ پرامن اور خوشحال بلوچستان ایک مضبوط پاکستان کی بنیادہے اور بلوچستان کے وسائل پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے یو تھ موبلائزیشن کمپین کے تحت بلوچستان کے دورے پر آئے ہوئے اسلام آباد، لاہور کے طلباء سمیت گوادر تربت اور پنجگور کی یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلباء کولیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگزیب حق، وائس چانسلرز اور طلباء کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن قائم ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

بعض عناصر ملک دشمنوں کی سازشوں کا شکا ر ہوکر ایک مرتبہ پھر بدامنی پیدا کرنا چاہتے ہیں تاہم ہم سب کو مل کر ان سازشوںکو ناکام بناناہوگا جس میں نوجوانوں کا کردارنہایت اہمیت کاحامل ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوان مستقبل کے معمار ہیں اور انہوں نے ہی بلوچستان اور پاکستان کو مستحکم اور خوشحال بنانا ہے۔ لہٰذا نوجوانوں کو مضبوط کردار کا حامل ہونا چاہئے اور اپنی تمامتر توجہ حصول علم کی جانب مبذول رکھنی چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ باہر سے آئے ہوئے طلباء نے اپنے قیام کے دوران بلوچستان میں ایک مثبت تبدیلی کو ضرور محسوس کیا ہوگا ایک سفیر کی حیثیت سے اپنے خوشگوار تجربے اور مشاہدے سے اپنے ساتھیوں اور عزیزواقارب کو بھی آگاہ کریں تاکہ بلوچستان کے بارے میں پایا جانے والا منفی تاثر دور ہوسکے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ موبلائزیشن مہم کا مقصد طلباء کے درمیان بین الصوبائی رابطوں کو مضبوط کرنا اور انہیں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کے مواقع فراہم کرنا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اب تک سات ہزار سے زائد طلباء ملک کے مختلف علاقوں کا دورہ کرچکے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت اہل اور باصلاحیت طلباء میں دس ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے اور اب تک مختلف اضلاع میں چھ ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کئے جاچکے ہیں۔

جس کا مقصد ہونہار طلباء کی حوصلہ افزائی اورصلاحیتوں کو اجاگرکرنا ہے ۔وزیراعلیٰ نے طلباء کو تلقین کی کہ ایک روشن مستقبل ان کا منتظر ہے اور ملک کے خلا ف ہونے والی تمام سازشوں کو ناکام بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ، صوبائی وزراء اور کمانڈر سدرن کمانڈ نے طلباء اور طالبات میں چھ سو لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ اس موقع پر رنگارنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔