بلدیہ وسطی نے اساتذہ کو ٹائم اسکیل دینے کا اعلان کردیا، افسران و ملازمین کو 5 بقایاجات میں سے ایک کی ادائیگی کردی گئی

اتوار 22 اپریل 2018 23:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) بلدیہ وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی نے مالی وسائل نہ ہونے اور 2015 سے تاحال سندھ گورنمنٹ پر ایک ارب چھ کروڑ روپے واجب الادا رقم نہ ملنے کے باوجود بلدیہ وسطی کے ماتحت اسکولوں کے اساتذہ کو ٹائم اسکیل دینے کا اعلان کردیا جبکہ افسران و ملازمین کو 5 بقایاجات میں سے ایک کی ادائیگی کردی گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے بلدیہ وسطی کے ماتحت اسکولوں کے اساتذہ کو ٹائم اسکیل دینے کا اعلان کردیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تعلیم ترجیح ہے ،بلدیہ وسطی کے اسکولوں کے معیار کو پرائیویٹ اسکولوں کے معیار کے مطابق کرنے کی کوشش کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ عنقریب پرائیویٹ اسکولوں میں بھاری فیس ادا کرنے والے والدین اپنے بچوں کو بلدیہ وسطی کے اسکولوں میں داخلے کے خواہش مند ہونگے اور وہی ہماری کامیابی ہوگی انہوں نے کہا کہ اساتذہ حقیقی طور پر قوم کے معمار ہیں اگر اساتذہ نہ ہو تو نہ کوئی انجینئر ،نہ کوئی ڈاکٹر اور نہ کوئی وکیل بنے اساتذہ کی خدمات ہی کسی قوم کو باکردار بناتی ہے ہمارا فرض ہے کہ ہم اساتذہ کو نہ صرف اخلاقی احترام دیں بلکہ معاشی حالات بہتر کرنے کے لئے اچھا مشاہرہ بھی پیش کریں چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے مزیدکہا کہ بلدیہ وسطی کی حق پرست قیادت نے اراکین کونسل کی منظوری کے بعد اساتذہ کو ٹائم اسکیل دینے کا فیصلہ کیا جس کے تحت ٹائم اسکیل کو تین حصوں میں تقسیم کیا جائیگا پہلے مرحلے میں وہ اساتذہ اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے جو ایک سال میں ریٹائرڈ ہونے والے ہیں دوسرے مرحلہ جو 6 سے 8 ماہ بعد شروع ہوگا اس میں 10 سی12 سال میں ریٹائر ہونے والے اساتذہ شامل ہونگے جبکہ تیسرے مرحلے میں تمام اساتذہ کو ٹائم اسکیل دیا جائیگا واضح رہے کہ 2010 ء میں سندھ گورنمنٹ نے اساتذہ کو ٹائم اسکیل دینے کے اعلان کے بعد گزشتہ 8 سالوں میں کسی بھی ایڈمنسٹریٹر نے اساتذہ کو ٹائم اسکیل نہیں دیا لیکن بلدیہ وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی کی حق پرست قیادت نے اساتذہ کے مسائل میں دلچسپی لیتے ہوئے کونسل میں قرار داد کی منظوری کے بعد بلدیہ وسطی کے ماتحت اسکولز کے اساتزہ کو ٹائم اسکیل دینے کا اعلان کردیا جبکہ افسران و ملازمین کے 5 بقایاجات میں سے ایک کی ادائیگی کردی گئی۔

#

متعلقہ عنوان :