گوپس یاسین اور داریل تانگیر ضلع مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہی بنائے گی ‘ فداخان فدا

پیر اپریل 11:40

استور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2018ء) وزیر سیاحت و ثقافت فدا خان فدا نے کہا ہے کہ گوپس یاسین اور داریل تانگیر ضلع مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہی بنائے گی ،ہم کسی پارٹی کے کہنے پر نہیں بلکہ عوام کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے نئے انتظامی یونٹس تشکیل دیں گے ۔یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت داریل تانگیر اور غذر کے عوام کو ایک ہی نظر سے دیکھتی ہے ، غذر اور دیامر کے عوام کے مسائل سانجھے ہیں اور وزیر اعلی گلگت بلتستان کو دونوں علاقوں کے مسائل کا پوری طرح ادراک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بعض لوگ کنویں کے مینڈک بننے کی کوشش کررہے ہیں اور اپنی سیاسی دکان چمکانے کے لئے ضلع ضلع کا کھیل کھیل رہے ہیں ان لوگوں کو معلوم ہے کہ ضلع بنانا تو درکنار ان کی پارٹی ایک نیا تحصیل بننے کی اہلیت نہیں رکھتی ،انتظامی یونٹس تشکیل دینا بچوں کا کھیل نہیں ایسے عظیم کارنامے ہماری جماعت اور وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن ہی انجام دے سکتے ہیں اور ہم یقین سے کہتے ہیں کہ غذر اور دیامر میں نئے اضلاع کا قیام بہت جلد عمل میں آئے گا اور یہ تاریخی اقدام ہماری حکومت ہی انجام دے گی ۔