گندم خریداری مراکز پر تمام تر انتظامات ہمہ وقت برقرار رکھے جائیں، ڈپٹی کمشنر

پیر 23 اپریل 2018 13:59

فیصل آباد۔23 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے ہدایت کی ہے کہ گندم خریداری مراکز پر تمام تر انتظامات ہمہ وقت برقرار رکھے جائیں اس ضمن میں کاشتکاروں کو کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے یہ ہدایت فیصل آباد سٹی سمیت دیگر مختلف گندم خریداری مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے جاری کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر(سٹی) اور محکمہ خوراک کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کاشتکاروں کی رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو باردانہ کی فراہمی،گرداوری کی تصدیق و جانچ پڑتال کے سلسلے میں ہر ممکن آسانیاں پیدا کی جائیں۔انہوں نے سنٹرز پر کاشتکاروں کے بیٹھنے کی سایہ دار جگہ،بجلی کے پنکھوں اور پینے کے ٹھنڈے پانی کی دستیابی ودیگر انتظامات کو چیک کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ خوراک،زراعت،مال،لیبر،مارکیٹ کمیٹی اوردیگر متعلقہ محکموں کے سٹاف سے کہا کہ وہ خدمت خلق کے جذبہ کے تحت فرائض انجام دیں اور گندم کی خریداری سے متعلق حکومت پنجاب کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیاجائے۔

انہوں نے موقع پر موجود کاشتکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے رجسٹریشن کے مراحل سمیت دیگر انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کاشتکاروں کیلئے تمام تر سہولیات کو برقرار رکھنے کیلئے سنٹرز کوآرڈینیٹرز متحرک رہیں گے اور پنجاب کابینہ کے وزراء،اعلیٰ سرکاری افسران وارکان پارلیمنٹ بھی سینٹرز کی مانیٹرنگ کریں گے۔