تاجر برادری ودہولڈنگ ٹیکس سے عاجز آچکی ہے ، حکومت آئندہ بجٹ میں ودہولڈنگ ٹیکس کو واپس لے ‘ پیاف

ہڑتال سے ملکی معیشت کا نقصان ہو گاور اس وقت ملک کسی بھی نقصان کا متحمل نہیں ہو سکتا ‘عرفان اقبال شیخ ، تنویر احمد صوفی، شاہزیب اکرم

پیر اپریل 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2018ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشن فرنٹ(پیاف )نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف عرصہ دراز سے احتجاج کر رہی ہے مگر ان کی شنوائی نہیں ہو رہی، تاجر برادری ودہولڈنگ ٹیکس سے عاجز آچکی ہے، بینکنگ سیکٹر کی مختلف ٹرانزیکشنز پر0.6فیصد جو ٹیکس لگایا گیا ہے وہ نا مناسب ہے حکومت یہ ٹیکس ان لوگوں پر لگائے جو ٹیکس ادا نہیں کرتے ہیں۔

تاجر برابردی یہلے ہی ایمانداری سے حکومت کو ٹیکس ادا کررہی ہے۔ چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ ،وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور خواجہ شاہزیب اکرم نے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مسئلہ کا فوری اور سنجیدگی سے حل تلا ش کریں ورنہ تاجرحضرات ہڑتال پر جانا چاہتے ہیں جس سے دونوں فریقین کو نقصان ہو گا اور اس وقت ملک کسی بھی نقصان کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاجربرادری ہمیشہ مشکل وقت میں حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور حکومت کا ساتھ دیا ہے بجٹ میں تاجروں پر کوئی اضافی ٹیکس نہیں لگنا چاہئے۔ صرف ان لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے جو حکومت کو ٹیکس ادا نہیں کرتے۔تاجر برادری امید کرتی ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں ودہولڈنگ ٹیکس کو واپس لے لے گی اور کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔ تمام آمدنیوں پر منصفانہ ٹیکس لگا کر زیادہ ریونیوحاصل کیا جائے گااور بالواسطہ ٹیکس پر انحصار کم سے کم کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔