پارکنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا، سی ٹی او

پیر 23 اپریل 2018 17:59

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) شہر میں پارکنگ قوانین کی خلاف ورزی کی وجہ سے ٹریفک کی شکایت نہیں آنی چاہیے اس سلسلے میں عوام الناس کو آن گرائونڈ سہولیات فراہم کی جائیں، اس امر کا اظہار چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی ایس ایس پی بلال افتخار نے راولپنڈی شہر میں غلط پارکنگ ، نو پارکنگ اور ڈبل پارکنگ کے خلاف ایکشن لینے کے لئے بنائے گئے موبائل سکواڈ، لفٹر کی خصوصی ٹیموں اور پیٹرولنگ سکواڈ کوخصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سی ٹی اوبلال افتخار نے کہا کہ راولپنڈی ٹریفک پولیس نے شہر کی مین شاہرائوں مری روڈ ، ایئر پورٹ روڈ ، اڈیالہ روڈ ، مال روڈ، کینٹ صدر، بنک روڈ، پشاور روڈ ، جوڈیشل کمپلیکس، راجہ بازار ، اقبال روڈ، سٹی صدر روڈ،فوارہ چوک، کمرشل مارکیٹ، صادق آباد ، پیرودھائی، اندرونِ شہر مارکیٹوں اور بازاروں میں ٹریفک کی روانی کو مزید بہتر بنانے کے لئے غلط پارکنگ ، ڈبل پارکنگ اور نو پارکنگ ایریا میں پارکنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے ڈرائیوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے سی ٹی او نے کہا کہ شہر میں کسی کو بھی غلط پارکنگ ، ڈبل پارکنگ اور نو پارکنگ ایریا میں گاڑی یا موٹر سائیکل پارک کرنے کی اجازت نہیں ہے لہذاء شہری خود ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔