فراہمی و نکاسی آب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے مناسب حکمت عملی وضع کی جائے، ڈپٹی میئر

پیر 23 اپریل 2018 23:23

سکھر۔23اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) فراہمی و نکاسی آب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر مناسب حکمت عملی وضع کی جائے اور قابل عمل تجاویز کے ذریعے نہایت تیزی سے مسائل پر قابو پایا جائے خاص طور پر قریشی گوٹھ و نمائش گاہ کے علاقوں میں نکاسی آب کے مسئلے کو بلا تاخیر حل کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری رکھا جائے ، بند لائنوں کی صفائی افرادی قوت اور مشینری کے ذریعے کی جائے تاکہ جلد از جلد اس کے ثمرات ظاہر ہوں ، ڈرینج کے چیمبر کو فعال کیا جائے اور چیمبر پر بنائے گئے نالے کو توڑ دیا جائے۔

جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق یہ ہدایات ڈپٹی میئر طارق چوہان نے صفائی ستھرائی کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس کے دوران کی ، اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر شرف الدین ڈنور، اسٹور پرچیز آفیسر عابد علی انصاری ، چیف سینیٹری انسپکٹرصغیر احمد، ڈرینج سسٹم کے انچارج امجد علی ، خالد غوری ، منیر احمد ، آغا حیات ، جنرل برانچ کے آفس سپرنٹنڈنٹ اسلام الدین شیخ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے سینیٹیشن کے افسران اور اسٹاف کو سختی سے ہدایت کی کہ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نہ صرف قریشی گوٹھ بلکہ دوسرے متاثرہ علاقوں میں بھی ڈرینج سسٹم کو مکمل فعال دیکھنا چاہتے ہیں ، اس کے لئے گٹر پارٹی سے بھی بھرپور کام لیا جائے اور ان کی نفری بھی بڑھائی جائے ، خاص طور پر تجربہ کار اسٹاف کو یہ ذمہ داری دی جائے ، انہیں بتایا گیا کہ قریشی گوٹھ اور قرب و جوار میں نکاسی آب کے سسٹم کو 40 فیصد درست کرلیا گیا ہے جس میں نکاسی آب کی نئی لائنوںکی تنصیب اور بند لائنوں کو کھولا جارہا ہے اور اس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور تمام ممکنہ سہولتیں میسر ہیں۔

ڈپٹی میئر طارق چوہان نے کہا کہ سپروائزری اسٹاف اپنے علاقے میں صفائی و ستھرائی کے کاموں کا ذمہ دار ہے اور ان سے براہ راست سختی سے باز پرس کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹری اسٹاف کو حاضری کا پابند بنایا جائے اور غیر حاضری کی صورت میں ایسے سینیٹری ورکرز کے خلاف کارروائی کی جائے ، ڈپٹی میئر نے کہا کہ نالوں اور گٹرز کی صفائی کے لئے تکینک استعمال کی جائے اور ہر وہ تدبیر بھی اختیار کی جائے کہ جس سے شہر میں نکاسی آب کا نظام بہتر طور پر کام کرے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی جگہ اوور فلو کی شکایت کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا ، اس سلسلے میں یونین کمیٹیوں کے چیئرمین صاحبان کی جانب سے نشاندہی کئے جانے والے علاقوں میں بھی ڈرینج ، صفائی ستھرائی اور کچرا اٹھانے کے کام کو اولیت دی جائے ، اس کے لئے ایک مربوط طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ شہر کے ہر علاقے سے کچرا ٹھکانے لگایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کچرا اٹھانے والی گاڑیاں کو حسب ضرورت فیول فراہم کیا جارہا ہے اور جہاں کہیں بھی دشواری لاحق ہوگی اس کا فوری ازالہ کیا جائے گا ، لہٰذا میئر صاحب کی خواہش پر ایک ماہ کے کم عرصے میں ڈرینج سسٹم کو بھرپور طریقے سے فعال کرنا ہے جبکہ پانچ علاقوں میں کروڑوں روپے کی لاگت سے فراہمی و نکاسی آب کی نئی لائنیں ڈالنے کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ پانی کا رسا? کم ہو اور سیوریج کے پانی کی بہترطریقے سے نکاسی ہوسکے۔

انہوں نے امجد علی کو ہدایت کی کہ وہ تمام ڈرینج پمپنگ اسٹیشنز کی کارکردگی کو سختی سے مانیٹر کریں اور ہر پمپنگ اسٹیشن سے نکاسی آب پوری استعداد کار کے مطابق نکاسی کی جائے ، اسی لئے جنریٹرز بھی فراہم کردیئے گئے ہیں جبکہ خراب ، مرمت طلب جنریٹریز کی بلاتاخیر مرمت کرائی جائے تاکہ لوڈ شیڈنگ کے دوران بھی ڈرینج سسٹم کام کرتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاف کی عملی کوششوں سے ان علاقوں میں جہاں روزانہ اوور فلو ہوتا تھا شکایات میں کمی واقع ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :