مجھے کسی نے ہراساں نہیں کیانہ کسی نے کبھی بدتمیزی کی، رابی پیرزادہ

پاکستان میں جنسی طور پر ہراساں کیا جانا بہت بڑی، سنگین اور افسوس ناک حقیقت ہے

منگل 24 اپریل 2018 11:59

مجھے کسی نے ہراساں نہیں کیانہ کسی نے کبھی بدتمیزی کی، رابی پیرزادہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) پاکستان کی پاپ گلوکارہ، ماڈل و اداکارہ رابی پیرزادہ نے کہا ہے کہ انہیں آج تک کسی نے ہراساں نہیں کیا اور نہ ہی ان کے ساتھ کسی نے کوئی بدتمیزی کی۔رابی پیرزادہ نے یہ وضاحت ایک ایسے وقت میں کی ہے، جب پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی خواتین اپنے ساتھ ہونے والی بدتمیزی اور ہراساں کے واقعات سے پردہ اٹھا رہی ہیں۔

رابی پیرزادہ کی وضاحت سے قبل گلوکارہ میشا شفیع نے ساتھی گلوکار علی ظفر پر متعدد بار جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔علی ظفر نے میشا شفیع کے الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے انہیں 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھی بھجوادیا۔میشا شفیع کے بعد عائشہ عمر نے بھی انکشاف کیا کہ انہیں بھی اپنی ہی شوبز انڈسٹری میں ہراساں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اداکارہ عائشہ عمر کے بعد گلوکارہ مومنہ مستحسن نے بھی انکشاف کیا کہ انہیں بھی ہراساں کیا گیا، تاہم ان دونوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ انہیں کب اور کس نے ہراساں کیا۔بولی وڈ و ہولی وڈ کے بعد پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خواتین کی جانب سے اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے واقعات شیئر کیے جانے کے بعد آہستہ آہستہ نئے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔ان ہی واقعات کے سلسلے میں رابی پیرزادہ نے بھی ٹوئیٹ کی کہ انہیں آج تک نہ تو ہراساں کیا گیا اور نہ ہی کبھی ان کے ساتھ اںٹرٹینمنٹ یا خاندان کے کسی فرد نے کوئی بدتمیزی کی۔رابی پیرزادہ نے اپنی ایک اور ٹوئیٹ میں کہا کہ پاکستان میں جنسی طور پر ہراساں کیا جانا بہت بڑی، سنگین اور افسوس ناک حقیقت ہے۔

متعلقہ عنوان :