پنجاب ہیلتھ کیئرکمیشن کے زیراہتمام عطائیت کے خاتمہ کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

منگل 24 اپریل 2018 21:53

ملتان۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) پنجاب ہیلتھ کیئرکمیشن کے زیراہتمام سیمیناربعنوان ’’عطائیت کاخاتمہ‘‘آگاہی اورعوام میں تمام انتظامی محکموں اورمتعلقہ فریقین کی حمایت سے عطائیت کے خاتمے کااعادہ کیاگیا،سیمینارکی صدارت چیف آپریٹنگ آفیسرپی ایچ سی ڈاکٹرمحمد اجمل خان نے کی ،پارلیمانی سیکرٹری صحت پنجاب ملک محمد علی کھوکھرنے پنجاب ہیلتھ کیئرکمیشن کو حکومت کی جانب سے مکمل حمایت کایقین دلایا،انہوںنے عطائیت کے خاتمے کیلئے ضلعی حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی ،ڈائریکٹرکلینیکل گورننس پی ایچ سی ڈاکٹرمشتاق احمدنے کمیشن کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے بعد انسدادعطائیت کے مختلف قوانین پرروشنی ڈالی ،ڈاکٹراجمل خان نے انتظامیہ اورمتعلقہ فریقین کو کمیشن کی جانب سے کی جانے والی کوششوں میں اپناکرداراداکرنے کوکہا،انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد یہ ایک بہترین موقع ہے کہ عطا ئیت کی ہر قسم اور طریقہ کار کے خاتمہ کے لیے ہم سب متحد ہوں اور ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں،انہوںنے کمیشن کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب تک عطا ئیت کی10,000سے زائداڈوں کو سیل کیا گیا جبکہ چھ کروڑ پینسٹھ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا،اس کے علاوہ کمیشن 42ہزار سے زائد علاج گاہوں کو رجسٹریشن اور لائسنس دے چکا ہے،مزید برآں 12ہزار سے زیادہ علاج گاہوں کے 16,288ماہرین صحت کی خدمات کے کم سے کم معیارات میں تربیت فراہم کر چکا ہے،ڈاکٹر محمد اجمل خاں نے کہاکہ بار بار یاد ہانی کا مقصد لوگوں کو درست سمت دکھاناہے اور آگاہی ایک مسلسل کوشش ہے،انھوں نے مزید بتایا کہ کمیشن نے تما م عطائیوں کاڈیٹا حاصل کر لیاہے اور اپنی ٹیموں کے حوالے کر دیا ہے،انھوں نے عطائیوں کی اشتہاری مہم پر پابندی کے لیے زور دیا، ڈپٹی کمشنرنادرچٹھہ نے اس موقع پر شرکاء کو مختلف اضلاع میں عطا ئیت کی صورتحال اور اس کے خاتمہ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا،انھوں نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو اپنی انتظامیہ کے ساتھ کا یقین دلوایا،ڈائریکٹر کلینیکل گورننس پی ایچ سی ڈاکٹر مشتاق احمد سلہریانے کمیشن کے علاوہ انسداد عطائیت کے مختلف قوانین کے بارے میں بتایا،اس موقع پر انتظامی افسران ، صحت کی ضلعی انتظامیہ، میڈیکل ایسوسی ایشنز زکے عہدیداران اور ماہرین صحت بھی موجود تھے، شاعر اور کالم نگار خالد مسعود خان نے کہا کہ لوگوں کو عطائیوں کے بارے میں کمیشن کی مفت ہیلپ لائن 0800 00742پر اطلاع دینے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

ڈی سی لودھراںخرم شہزاد نے کہا کہ ہم ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینگے تاکہ صورتحال پرنظر رہے اوریہ ٹیمیں نمائندوں ، ضلعی انتظامیہ، میڈیا اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران پر مشتمل ہوگی جوکہ رپورٹس بھی مرتب کرے گی،دیگرمقررین ڈی سی وہاڑی علی اکبر بھٹی،ڈی سی خانیوال مظفر خان سیال ،صدر پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنزملتان ڈاکٹر عرفان پراچہ،ہومیو پیتھک ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن ملتان کے صدرہومیوپیتھک ڈاکٹر حفیظ الرحمان ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹسٹ ڈاکٹر محمد الیاس تنویر اورحکیم محمد فرقان خان درانی نے بھی اس موقع پرخطاب کیا۔