علماء نے پاکستان کے استحکام اور عالمی سطح پر ملکی وقار کے لئے بھر پور کردار ادا کیا، مولانا امجد خان لاہوری

منگل 24 اپریل 2018 23:29

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے رابطہ سیکرٹری مولانا محمد امجد خان لاہوری نے کہا ہے کہ دینی مدارس نے ہمیشہ امن کا درس دیا ہے، دینی مدارس نے دینی قومی خدمات مثالی ہیں، دینی مدارس کی خدمات سنہری حروف سے لکھنے کے قابل ہیں۔ وہ منگل کو مدرسہ تنویرالقرآن پانو روڈ لاری اڈہ میں اچانک آمد کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے۔

اس موقع پر جمعیت علماء اسلام ضلع مانسہرہ کے امیر سابق سینیٹر مولانا سید ہدایت الله شاہ، مدرسہ کے مدیر قاری سید نور الحسن شاہ، مولانا سیدانور شاہ اور مطیع الرحمن اطہر ہاشمی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ تنویر القرآن پانو روڈ لاری اڈہ میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم بھی دی جاتی ہے، مدرسہ تنویر القرآن کے نظم کو دیکھ کر دل خوش ہوا ہے، علماء نے پاکستان کے استحکام اور عالمی سطح پر ملک کے وقار کو بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوام اگلے انتخابات کے بعد ایوان صدارت وزرائے اعلیٰ ہائوس اور وزیراعظم ہائوس میں علماء اور مذہبی لوگوں کو دیکھنا چاہتے ہیں، متحدہ مجلس عمل آئندہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، ہم کتاب کے نشان پر الیکشن لڑیں گے اور پاکستان میں سب بڑی قوت بن کر مجلس عمل سامنے آئے گئی، انتخابی میدان کو ایم ایم اے کسی سطح پر بھی سیکولر لابی کیلئے خالی نہیں چھوڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ سیکولر لابی کے ساتھ ہو گا، متحدہ مجلس عمل دین اور وطن کے دشمنوں کا ہر محاذ پر مقابلہ کرے گی ۔ مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ مجلس عمل کا آئندہ عام انتخابات میں مقابلہ بہرحال بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے اور پاکستان کو سیکولر قوت بنانے والوں کے ساتھ ہو گا جو بیرونی اشاروں پر نئے نعروں کی بنیاد پر گیم کھیلتے ہیں، پاکستان کی قوم مذہب سے بہت زیادہ پیار کر نے والی ہے اور اسلام کے نفاذ کیلئے پاکستان کی نوجوان نسل، خواتین اور عوام ترس رہے ہیں، انشاء الله یہ کام جلد مذہبی قوتیں کریں گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان نازک موڑ سے گذر رہا ہے، ان حالات میں جے یو آئی مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے ملک میں اتحاد امت کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے، علماء دینی مدارس کے طلباء دین اور پا کستان کی حفاظت کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ مولانا محمد امجد خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجلس عمل متحد اور متفق ہے، اس میں اختلافات کی خبریں محض ایک پراپیگنڈا ہے، مجلس عمل کی مرکزی باڈی بن چکی ہے، باقی تین صوبوں میں بھی باڈیاں بن چکی ہیں، صوبہ خیبر کی باڈی کا بھی جلد اعلان کر دیا جائے گا، کار کن آئندہ عام انتخابات کیلئے بھرپور تیاریاں کریں، الیکشن نزدیک ہیں جے یو آئی متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے بھرپور حصہ لے گی، لادین قوتوں کو شکست سے دوچار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کارکن عوام سے رابطے بڑھائیں اور ان کو جے یو آئی مجلس عمل کے منشور سے آگاہ کریں، انتخابی ماحول کچھ غیر یقینی صورتحال کا شکار بھی ہے لیکن ہم بہرحال انتخابات کیلئے تیاریوں میں مصروف ہیں، ہم متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔