ڈی جی، جی ڈی اے نے کھلی کچہری کے دوران علاقائی مسائل، آگہی اور صفائی کے متعلق مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا

منگل 24 اپریل 2018 23:29

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کھلی کچہری کے دوران علاقائی مسائل کے حل، آگہی اور صفائی کے متعلق مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا، مہم کا آغاز گلیات کے گائوں ملاچھ سے کیا گیا، جی ڈی اے گلیات نے دور دراز کے گائوں میں بلدیا تی نمائندوں کے ذریعہ گلیات کے باشندوں تک صفائی کا پیغام پہنچایا، پلاسٹک شاپنگ بیگ کے استعمال کے باعث ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے ادارہ بائیو ڈیگریڈابیل بیگز متعارف کروائے گا جو گلیات کے دکانداروں میں تقسیم کئے جائیں گے۔

مہم کے پہلے حصہ میں گلیات کی تمام سڑکوں اور گہری گھاٹیوں کو عملہ کے ذریعہ صاف کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ٹیکنیکل سیکشن کو مقامی ہوٹلز اور گھروں کو اتھارٹی کے قوائد نہ ماننے اور کوڑا کرکٹ پھیلانے پر بھاری جرمانے کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مالکان کو جگہ جگہ سڑکوں پر پڑے تعمیراتی مٹیریل کو نہ اٹھانے اور گلیا ت کا حسن تباہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا حکم دیا گیا ہے۔

جی ڈی اے گلیات کو مزید سرسبز کرنے کیلئے اس سیزن میں تقریباً ایک لاکھ پودے لگانے کا عزم رکھتا ہے جس کے تحت اب تک 10 ہزار تک پودے لگا دیئے گئے ہیں۔ اس موقع پر لوگوں میں شعور بیدار کرنے اور وبائی امراض سے آگہی سے متعلق نتھیاگلی اور ایوبیہ میں واک کا اہتمام کیا گیا جس میں علاقائی شخصیات کے علاوہ تاجروں اور مقامی افراد نے شرکت کی۔ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا میں جاری لوکل ایریا اتھارٹی کے درمیان مقابلوں کے تحت ہفتہ وار سطح پر مختلف پروگرامات کا انعقاد جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :