پاکستان اور قزاخستان کے درمیان باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی قریبی اور دوستانہ تعلقات استوار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت اقتصادی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی قزاخستان کے نئے سفیر بارلی بے سادیقوف سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 25 اپریل 2018 16:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قزاخستان کے درمیان باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی قریبی اور دوستانہ تعلقات استوار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت اقتصادی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات قزاخستان کے نئے سفیر بارلی بے سادیقوف سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے قزاخستان کے نئے سفیر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان اور قزاخستان کے درمیان موجودہ قریبی روابط کو تقویت دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے قزاخستان کی قیادت اور عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

سفیر نے قزاخستان کی قیادت کی طرف سے نیک تمنائیں وزیراعظم تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ قزاخستان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے مواصلاتی رابطوں اور راہداری تجارت معاہدوں سمیت پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے اپنی حکومت کی دلچسپی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو صدر نور سلطان نذر بایوف کی قزاخستان کی ترقیاتی حکمت عملی 2050ء کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے سفیر کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔