منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور خان کی ایران کے نائب صدر علی اصغر مونسان سے ملاقات

بدھ 25 اپریل 2018 17:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم چوہدری عبدالغفور خان نے آرگنائزیشن آف اسلامک کانفرنس (او آئی سی) کی2018ء کیلئے منسوب کردہ شہر تبریز کی سرکاری تقریبات میں شرکت کی جہاں انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر علی اصغر مونسان سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں چوہدری عبدالغفور خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران میں ازسرنو قربت اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم امہ یک جان ہے۔

او آئی سی کی مسلم ممالک میں سیاحت کی ترویج و ترقی کیلئے کاوشیں قابل تحسین ہیں جن کے باعث مسلم اٴْمہ کے برادر ممالک کے عوام کو قریب آنے کا موقع ملے گا۔ او آئی سی کے 57 ممبر ممالک کے مابین سیاحتی دلچسپیوں کا فروغ ان ممالک میں سیاحتی انقلاب لا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

سیاحوں کی آمدورفت سے معاشی سرگرمیوں کو بھی عروج ملے گا۔ اس فورم کے تلے مسلم ممالک سیاحت کو فروغ دے کر دنیا بھر میں یہ پیغام دے سکتے ہیں کہ اسلام امن اور آشتی کا سبق دیتا ہے اور دہشت گردی جیسی لعنت کا اسلام میں کوئی تصورنہیں۔

اِسلام کے نام پر دہشت گردی کرنے والوں کا ہمارے مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ خارجہ امور کے بعد سیاحت ہی ایسا شعبہ ہے جو قوموں کو قریب لانے میں اپنا ایم کردار ادا کر سکتا ہے، ہم سب مل کر ہی اپنے ممالک میں سیاحتی سر گرمیوں کے فروغ سے امن قائم کر سکتے ہیں، سیاحتی سرگرمیاں عروج پر ہوں گی تو معیشت میں بہتری آئے گی اور مسلم ممالک اپنے زرمبادلہ کی آمدن میں اضافہ کر سکیں گے اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔

چوہدری عبدالغفور خان نے مزید کہا کہ ایران کے شہر تبریز کو 2018ء کیلئے سیاحتی شہر سے منسوب کرنا خوش آئند ہے انہوں نے او آئی سی کے آرگنائزر سے درخواست کی کہ سال 2019ء کیلئے پاکستان کے لاہور شہر کو او آئی سی سیاحتی شہر منسوب کیا جائے۔ ایران کے نائب صدر علی اصغر مونسان نے کہا کہ پاکستان اور ایران میں دیرینہ تعلقات میں تیزی آرہی ہے اور چاہ بہار اور گیس پائپ لائنز جیسے کئی منصوبوں پر دونوں ممالک کا تعاون مثالی ہے ایرانی حکومت پاکستان میں سیاحتی و ثقافتی منصوبہ جات میں سرمایہ کاری کے امکانات پر غور کرے گی۔ سیاحتی تعاون سے آمدورفت میں اضافہ بھی ہو گا اور معیشت میں بہتری آئے گی۔