خیبر پختونخواہ حکومت جاتے جاتے رہ گئی

وزیر اعلیٰ ،اپوزیشن لیڈر میں معاملات طے پا جانے کے بعد تحریک عدم اعتماد کا خطرہ ٹل گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 25 اپریل 2018 20:18

خیبر پختونخواہ حکومت جاتے جاتے رہ گئی
پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-25اپریل 2018 ء) :خیبر پختونخواہ حکومت جاتے جاتے رہ گئی۔ وزیر اعلیٰ ،اپوزیشن لیڈر میں معاملات طے پا جانے کے بعد تحریک عدم اعتماد کا خطرہ ٹل گیا۔تفصیلات کے مطابق عمران خا ن کی جانب سے سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے والے اراکین کو شوکاز نوٹس دینے کے بعد صورتحال خاصی خراب ہو چکی تھی۔تحریک انصاف خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اکثریت کھو بیٹھی تھی۔

اس سارے معاملے میں جماعت اسلامی کے ساتھ چھوڑ دینے کے خدشے نے خیبر پختونخواہ حکومت کو شدید خطرے سے دوچار کر دیا تھا۔تاہم اب حکومت اور اپوزیشن کے مابین معاملات طے پا چکے ہیں۔وزیر اعلی پرویز خٹک اور اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمان کی ملاقات میں یہ طے پاگیا کہ اپوزیشن حکومت کے خلاف عدم اعتماد نہیں لائے گی جس سے تحریک انصاف کی حکومت قائم رہے گی اور نگران وزیر اعلیٰ کا انتخاب بھی تحریک انصاف اور موجودہ اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے ہو گا ۔

(جاری ہے)

اگر تحریک انصاف کے خلاف عدم اعتماد آجائے تو متوقع وزیر اعلیٰ مسلم لیگ ن سے ہو گا اور تحریک انصاف اپوزیشن بنچوں پر چلی جائے گی جس کے بعد موجودہ اپوزیشن کا نگران وزیر اعلیٰ کے معاملے پر کوئی کردار نہیں رہے۔اس ساری صورتحال کے بعد اپوزیشن نے تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کا ارادہ ترک کر دیا۔