معاشرہ سے جرائم کے خاتمہ اور انصاف کے بول بالا کیلئے میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،صدر ڈسٹرکٹ بار ہری پور

بدھ 25 اپریل 2018 23:33

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) ڈسٹرکٹ بار ہری پور کے صدر اسد الله ملک ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ معاشرہ سے جرائم کے خاتمہ اور انصاف کے بول بالا کیلئے میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہری پور پریس کلب نے ہمیشہ ڈسٹرکٹ بار سے ہر معاملہ پر مکمل تعاون اور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور بار کے ہر پروگرام کو بھرپور کوریج دی ہے، انشاء الله آنے والے وقت میں ڈسٹرکٹ بار ہری پور پریس کلب سے اپنا لیزان اسی طرح جاری رکھے گا، ہری پور پریس کلب شہر کے مسائل اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے حوالہ سے نشاندہی کرے تو ڈسٹرکٹ بار ان کے حل کیلئے بھرپور مشترکہ جدوجہد کرے گی۔

وہ بدھ کو ہری پور پریس کلب کی جانب سے ڈسٹرکٹ بار کی نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دینے کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وفد میں صدر پریس کلب ذاکر تنولی، جنرل سیکرٹری ملک فیصل اقبال خان، چیئرمین نعیم عابد، جوائنٹ سیکرٹری حافظ جاوید الحق، انفارمیشن سیکرٹری ملک محمد طیب، یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری عرفان مبارک، نائب صدر جاوید خان چاچا، انفارمیشن سیکرٹری بلاول اقبال، چیئرمین قاسم قیم، صدر الیکٹرانک میڈیا ملک محمد اقبال، سینئر صحافی ڈاکٹر امتیاز، مہر سیماب شامل تھے۔

صدر پریس کلب ذاکر تنولی نے کہا کہ انصاف کی بالادستی اور معاشر ے میں عدل کے قیام کیلئے وکلاء کا کردار قابل تحسین ہے جبکہ ہری پور کے وکلاء نے شہر کے ہر اہم معاملہ میں اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ بار کی نو منتخب کابینہ مبارکباد کی مستحق ہے جن پر وکلاء کی کثیر تعداد نے اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے اور انہیں اپنا حق نمائندگی دیا ہے۔

ہری پور پریس کلب ڈسٹرکٹ بار سے مستقبل میں بھی اپنا مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری سید شاہد محبوب ایڈووکیٹ، نائب صدر میاں اقبال ایڈووکیٹ، جوائنٹ سیکرٹری رشیدہ یوسف ایڈووکیٹ، لائبریری سیکرٹری وقاص احمد ایڈووکیٹ، سابق جنرل سیکرٹری راجہ یاسر ایاز کیانی ایڈووکیٹ بھی موجود تھے جنہوں نے آنے والے ہری پور پریس کلب کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :