ہزارہ یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی و انتظامی شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین کیلئے ٹریننگ کا اہتمام

بدھ 25 اپریل 2018 23:33

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ڈائریکٹوریٹ آف ٹریننگز کے زیر انتظام یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی و انتظامی شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین کیلئے ٹریننگ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔آفس آٹو میشن کے موضوع پر منعقدہ ٹریننگ ایک ماہ تک جاری رہے گی۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے ٹریننگ سنٹر کا دورہ کیا اور ٹریننگ حاصل کرنے والے ملازمین سے بات چیت کی۔

وائس چانسلر نے کہا کہ پیشہ ورانہ تربیت کے حصول سے کام کرنے کے انداز میں جدت آتی ہے اور ملازمین اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران بہتر نظم و ضبط اور ہنر مندی کے ساتھ دفتری امور چلا سکتے ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ انتظامی شعبوں کے ملازمین کی پیشہ ورانہ تربیت ہماری ترجیحات میں شامل ہے تاکہ ملازمین کی استعداد کار میں اضافہ اور معیار میں بہتری لائی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ٹریننگز امجد الرحمن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف ملازمین جو کمپیوٹر کے ذریعہ اپنے فرائض سر انجام دیتے ہیں، کیلئے آفس آٹو میشن پر مکمل عبور ضروری ہے اور اس مقصد کیلئے ڈائریکٹر ٹرنننگز نے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا ہے جو نہایت خوش آئنداور حوصلہ افزاء ہے۔ مذکورہ تربیتی ورکشاپ ایک ماہ تک جاری رہے گی جس کے دوران یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی و انتظامی شعبوں کے ملازمین جن میں آفس اسسٹنٹ، یو ڈی سی اور ایل ڈی سی شامل ہیں، کو کمپیوٹر کے مختلف سافٹ ویئرز میں تربیت فراہم کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :