مصر کے شمالی سیناء میں جھڑپوں کے دوران تین فوجی ، 30 جنگجو ہلاک

مہلوکین میں شمالی سیناء میں داعش کا ایک مرکزی کمانڈر ناصر ابو زاقل بھی شامل ہے،مصری فوج

جمعرات 26 اپریل 2018 13:00

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) مصر کے شورش زدہ جزیرہ نما سیناء میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران میں جھڑپوں اور سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں تین فوجی اور تیس مشتبہ انتہا پسند ہلاک ہوگئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق مصری فوج نے ایک بیان میں ان ہلاکتوں کی اطلاع دی۔ مصری سکیورٹی فورسز شمالی سیناء اور ملک کے دوسرے علاقوں میں 9 فروری سے سیناء 2018 کے نام سے جنگجوؤں اور انتہا پسندوں کے خلاف بڑی کارروائی کررہی ہیں ۔

(جاری ہے)

اس میں اب تک کم سے کم 200انتہا پسند جنگجو اور 33 سرکاری فوجی ہلاک ہوچکے ہیں ۔انتہا پسندوں کے مہلوکین میں شمالی سیناء میں داعش کا ایک مرکزی کمانڈر ناصر ابو زاقل بھی شامل ہے۔واضح رہے کہ جولائی 2013ء میں مصر کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے داعش سے وابستہ گروپ نے اس علاقے میں سرکاری سکیورٹی فورسز پر بیسیوں تباہ کن بم حملے کیے ہیں۔شمالی سیناء میں داعش کے علاوہ متعدد اور جنگجو گروپ بھی مصری سکیورٹی فورسز کے خلاف برسرپیکار ہیں اور ان جنگجو گروپوں کے حملوں میں سیکڑوں فوجی اور پولیس اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :