الجزائر میں اسرائیل کے لیے جاسوسی ، لائبیری شہری کو سزائے موت کا حکم

ْگنی اور مالی سے تعلق رکھنے والے 6 مجرموں کو بھی اسی مقدمے میں 10 سال تک قید کی سزائیں سنادی گئیں

جمعرات 26 اپریل 2018 13:06

الجیریا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) الجزائر کی ایک فوجداری عدالت نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کے جٴْرم میں لائبیریا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو قصور وار قرار دے کر سزائے موت کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے اسی مقدمے میں گنی اور مالی سے تعلق رکھنے والے چھے افراد کو مجرم قرار دے کر دس سال تک قید کی سزائیں سنائی ہیں ۔میڈیارپورٹس کے مطابق الجزائر کے ایک قانونی ذریعے نے بتایا کہ ملک کے جنوبی شہر غردآہ میں فوجداری عدالت نے تین افریقی ملکوں سے تعلق رکھنے والے ان سات افراد کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزامات میں قصور وار دیا ہے۔

اس مقدمے میں سزائے موت پانے والا مرکزی مجرم علم الدین فیصل لائبیری شہری ہے اور وہ لبنان میں پیدا ہوا تھا۔ان تمام مجرموں کو آٹھ ،آٹھ ہزار ڈالرز جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

الجزائری پولیس نے ان ساتوں مجرموں کو جنوری 2015ء میں غردایہ ہی میں ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا۔ان کے قبضے سے اسرائیل کے لیے جاسوسی اور اس سے رابطے سے متعلق دستاویزات اور ابلاغی آلات بھی برآمد ہوئے تھے۔ان مدعا علیہان کے وکلاء نے عدالت میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف استغاثہ نے ناکافی اور بے ربط ثبوت پیش کیے تھے۔اس لیے ان کی بنیاد پر ان کے مؤکلین کو جاسوسی ایسے حساس ایشوز پر ماخوذ کیا جاسکتا ہے اور نہ سزا دی جاسکتی ہے لیکن عدالت نے ان کے مؤقف کو مسترد کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :