وقت کاتقاضہ ہے کہ مسلم امہ آپس میں سیاحت کے ساتھ ساتھ دیگر تمام شعبہ ہائے زندگی میں تعاون سے ترقی کی راہ اختیار کریں،

سیاحت کے فروغ و ترقی کیلئے حکومت پاکستان گروپ ٹورسٹس کیلئے ویزہ آن ارائیول کی سہولت فراہم کر رہی ہے، جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کیلئے مسلم ممالک میں اتحاداشد ضروری ہے، مختلف شعبوں میں ہنرمند اور پیشہ ور افرادی قوت کی فراہمی کے لئے سیاحت اور ثقافتی ایکسچینج پروگرام شروع کیے جائیں ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور کا ایران میں مختلف ممالک کے حکام سے ملاقات میں اظہار خیال

جمعرات 26 اپریل 2018 19:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور نے کہا کہ موجودہ وقت تقاضہ کرتا ہے کہ مسلم امہ اپنے تمام اختلافات یکسر بھلا کر یک جان ہو جائے اور آپس میں سیاحت کے ساتھ ساتھ دیگر تمام شعبہ ہائے زندگی میں تعاون سے ترقی کی راہ اختیار کریں، سیاحت کے فروغ و ترقی کیلئے حکومت پاکستان گروپ ٹورسٹس کیلئے ویزہ آن ارائیول کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔

جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کیلئے مسلم ممالک میں اتحاداشد ضروری ہے، سیاحت اور ثقافتی ایکسچینج پروگرام شروع کیے جائیں تاکہ متعلقہ شعبوں میں ہنرمند اور پیشہ ور افرادی قوت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے یہ بات افغانستان کی ڈپٹی وزیر سیدہ موجگان مصطفوی ، مشرقی آذربائیجان کے گورنر ڈاکٹر خدا بخش اور عراق کے ٹورازم چیف سے ملا قات کے دوران کہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم ممالک میں خصوصاً ایران اور عراق میں مذہبی ٹورازم کا زیادہ رجحان ہے لیکن ان ممالک میں سیر و تفریح کے بھی بے شمار مواقع موجود ہیں جنہیں مشترکہ طور پر مشتہر کیا جانا چاہیئے۔ اس سے دنیا میں یہ پیغام پہنچے گا کہ سیاحت کے لحاظ سے یہ ممالک نہایت موضوع ہیں۔ عراقی ٹورازم چیف نے بتایا کہ عراق میں ہر سال کروڑوں زائرین آتے ہیں اور زرمبادلہ آمدن کا باعث ہیں جن کے لئے مناسب سہولیات موجود ہیں۔

انہوں نے ایم ڈی کو عراق آمد کی دعوت بھی دی۔ ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور نے تبریز کے مئیر اردج شاہین بحیر سے بھی ملاقات کی جس میں ایم ڈی کا کہنا تھا کہ تبریز شہر کی تاریخی حیثیت، باغات اور سیاحتی مقامات پاکستان میں بہت مقبول ہیں۔سیاحتی سرگرمیوں میں تیزی لانے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں تو تمام خطہ میں سیاحوں کی آمدورفت میں اضافہ ممکن ہے۔

پاکستان کے سیاحتی مقامات، متنوع موسم اور دلفریب نظارے تمام دنیا کے سیاحوں کا مرکز نگاہ بن سکتے ہیں۔ انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ میں سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے۔ تبریز کے مئیر اردج شاہین بحیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین طویل سرحد اور ساحلی پٹی پر سیاحت کے پراجیکٹس شروع کرنے سے دونوں ممالک میں سیاحتی انقلاب آ سکتا ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر سرمایہ کاروں کا وفد جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گا۔ ایم ڈی نے میئر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔