پنجاب حکومت سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے ،چیئرمین ضلعی اوور سیز کمیٹی

جمعرات 26 اپریل 2018 19:32

اوکاڑہ۔26 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) پنجاب حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو یہاں پر درپیش مشکلات اور ان کے مسائل کے حل کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے اور اس سلسلہ میں تمام سرکاری محکمے بھر پور اقدامات کر رہے ہیں، سمندر پار پاکستانی وطن عزیز کیلئے گراں قدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں، یہاں پر ان کے اہل خانہ اور ان کی جائیدادوں سے متعلقہ معاملات اور مسائل فوری حل کروانے کیلئے ضلع سے لیکر صوبائی سطح تک کمیٹیاں متحرک اور فعال ہیں، ان خیالات کا اظہار ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین ضلعی اوور سیز کمیٹی میاں محمد منیر اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمدنے اوور سیز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ، اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع کو ابتک 13شکایات موصو ل ہوئی ہیں جن میں سے 5درخواست دہندگان کے معاملات کو میرٹ پر نمٹایا گیا ہے جبکہ 8درخواستوں کی سماعت کی جا رہی ہے، ممبر صوبائی اسمبلی و چیئر مین ضلعی اوور سیز کمیٹی میاں محمد منیر اورڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات کو میرٹ پر جلد سے جلد نمٹائیں، انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی پیروی کیلئے ذاتی دلچسپی اور لگن سے کام کریں تاکہ سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات اور مسائل جلد حل ہو ں۔