انسداد تجاوزات اورنگی ٹائون ٹیم کی مختلف علاقوں میں کارروائی

جمعرات 26 اپریل 2018 22:45

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) پروجیکٹ اورنگی ٹائون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جاوید مصطفی نے انسداد تجاوزات اورنگی ٹائون کی ٹیم کے ہمراہ گلشن ضیاء، مومن آباد، رحیم شاہ کالونی، بجلی نگر اور دیگر علاقوں میں قائم تجاوزات گرادیں اور تجاوزات قائم کرنے والوں کو قانونی نوٹس بھی دے دیئے گئے۔ اعلامیہ کے مطابق گلشن ضیاء میں پروجیکٹس کا کام بند کرا دیا گیا جو دیگر اداروں کی این او سی پر کام کر رہے تھے۔

انہیں باور کرا دیا گیا ہے کہ بلدیہ عظمی کراچی کے علاوہ کوئی ادارہ مجاز اتھارٹی نہیں ہے، نہ ہی لیز کر سکتا ہے۔ مومن آباد میں قائم غیر قانونی بچت بازار بھی ہٹا دیا گیا جس کی میئر کراچی کے دفتر میں شکایت بھی موصول ہوئی تھی۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی اور چیئرمین اراضیات کمیٹی سید ارشد حسن کے ہمراہ اجلاس میں یہ طے پایا کہ کے ایم سی رٹ قائم کریں گے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر انسداد تجاوزات اورنگی جاوید مصطفی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی شادی ہالوں، اکبر شہید چوک پر لینڈ مافیا کے قبضے، باغ ارم، گلشن حبیب، غیر قانونی بچت بازاروں اور مومن آباد کے بازاروں کے راستے میں قائم رکاوٹوں اور ٹھیلے مافیا کو اعلی عدالتوں کے احکامات کی روشنی میں آئندہ چند روز میں ہٹا دیا جائے گا۔