پاکستان اور امریکہ تعلقات فروغ کیلئے بعض غلط فہمیاں دور کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، قطع تعلق مسائل کا حل نہیں، فیصل نیاز ترمذی

جمعرات 26 اپریل 2018 23:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) شکاگو میں پاکستان کے قونصلر جنرل فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے بعض غلط فہمیاں دور کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، قطع تعلق مسائل کا حل نہیں۔ گذشتہ روز یونیورسٹی آف وسکونسن میڈیسن میں لیکچر کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے قونصلر جنرل نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین بعض غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں اور قطع تعلق سے کبھی بھی مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ جغرافیائی نزدیکی نے پاکستان کو امریکہ کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل بنایا ہے۔ قونصلر جنرل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں، قربانیوں اور پاکستانی مسلح افواج کی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں بغیر کسی بیرونی امداد کے شدت پسند عناصر سے مؤثر انداز میں نمٹا گیا۔ ترمذی نے فیکلٹی اور طلباء کو پاکستان کی تیزی سے ترقی کی جانب گامزن معیشت کے بارے میں بھی بریف کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بے پناہ افرادی قوت کا حامل ملک ہے۔